رمیز کی عمران سے دوری اور شہباز سے قربت بڑھانے کی کوشش

معروف صحافی اور تجزیہ کار نجم سیٹھی کی دوبارہ سے چیئرمین کرکٹ بورڈ بننے کی افواہوں کے بعد موجودہ چیئرمین پی سی بی اور عمران خان کے قریبی دوست رمیز راجہ نے یہ دعوی کیا ہے کہ ان کے کپتان نے ان سے رابطہ ختم کر کے انکا نمبر بھی بلاک کردیا ہے، یاد رہے کہ اس سے پہلے عمران خان نے دو سینئر فوجی جرنیلوں کے نمبر بلاک کر دیے ہیں۔ رمیز راجہ نے یی بھی کہا یے کہ وہ نئے وزیراعظم شہباز شریف سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔ اس دوران سوشل میڈیا پر ان کی ایک تصویر بھی وائرل ہو چکی ہے جس میں وہ بڑے احترام سے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے مصافحہ کر رہے ہیں۔ رمیز کے ناقدین کا کہنا ہے کہ وہ بدلتے وقت کے ساتھ خود کو بھی بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ان کا تازہ بیان بھی اپنی چیئرمین شپ بچانے کا ہتھکنڈا یے۔
یاد رہے کہ جمعہ کو پریس بریفنگ میں رمیز راجہ نے انکشاف کیا کہ عمران خان نے وزارت عظمیٰ سے ہٹائے جانے کے فوراً بعد ان سے رابطہ منقطع کر دیا تھا۔ رمیز راجہ نے اپنے سابق کپتان کے ساتھ تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمران بھائی نے مجھ سے رابطہ منقطع کر دیا، وہ کافی عرصے سے رابطے میں نہیں اور میں نے بھی ان سے کافی عرصے سے بات نہیں کی۔ رمیز نے کہا کہ وہ پی سی بی کے نئے سرپرست اعلیٰ شہباز شریف کا احترام کرتے ہیں اور ان کے ساتھ کام جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ سیاسی اختلافات ختم کر کے ملک میں سیاسی تسلسل برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ ’دیکھیں، ہمارے وزیر اعظم ہمارے سرپرست اعلیٰ ہیں، ہم نے ان سے وقت مانگا ہے اور اگر وہ ہم سے ملیں گے تو ہم انہیں اپنے کام کے بارے میں بتائیں گے۔ میرے خیال میں یہاں انا کی کوئی ضرورت نہیں ہے، آخر ہم سب کرکٹ کی ترقی چاہتے ہیں اور اس مقصد کے لیے مل کر کام کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آئین میں چیئرمین پی سی بی کو ہٹانے کے بارے میں کچھ لکھا ہے تو آگے بڑھیں اور ایسا کر دیں، ورنہ انفرادی خواہشات کی تکمیل کھیل کے حق میں نہیں ہو گی۔ پی سی بی کے باس نے مزید کہا کہ گیند وزیراعظم شہباز شریف کے کورٹ میں ہے۔ واضح رہے کہ شہباز نے چند روز قبل پی سی بی کے سابق چیئرمین خالد محمود سے ملاقات کی تھی۔ اطلاعات کے مطابق شہباز شریف رمیز راجہ کو ہٹانے کا فیصلہ کر چکے ہیں اور اطلاعات یہ ہیں کہ لندن میں نواز شریف کی نجم سیٹھی سے ملاقاتوں کے بعد اب جلد ان کی بطور چیئرمین پی سی بی دوبارہ تعیناتی کا اعلان ہونے والا ہے۔ چناچہ رمیز راجہ کی جانب سے عمران خان سے دوری اختیار کرنے اور شہباز شریف کی تعریفیں کرنے کو اسی پیرائے میں دیکھا جا رہا ہے۔
