سعودیہ کا پاکستان میں ایک ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کا اعلان

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔

عالمی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق سعودی سرکاری ٹی وی کی جانب سے رپورٹ کیا گیا کہ سعودی عرب پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

سرکاری ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حکام کو پاکستانی معیشت کو سپورٹ کرنے کی ہدایت دی تھی۔

قبل ازیں قطر نے پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان اس وقت معاشی بدحالی کا شکار ہے اور اسے ادائیگیوں کے توازن کے بحران کا سامنا ہے، غیر ملکی ذخائر 7.8 ارب ڈالر تک گر چکے ہیں، جو ایک ماہ سے زیادہ کی درآمدات کے لیے بمشکل کافی ہیں۔

عرب ملک قطر کی جانب سے تفصیلات ظاہر کیے بغیرقطر کی امیری دیوان نے بتایا تھا کہ قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی (کیو آئی اے) نے پاکستان میں مختلف تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کا اعلان کیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے قطرکے وزیراعظم اور وزیرداخلہ شیخ خالد بن خلیفہ بن عبدالعزیز الثانی سے ملاقات کی۔ وزیراعظم کابینہ کے سینئر ارکان کے ہمرا سرکاری دورے پر دوحہ پہنچے تھے۔

Back to top button