عالمی ڈونرزکا سیلاب زدگان کیلئے 50کروڑڈالرامداد کا اعلان

عالمی ڈونرز نے پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے فوری طور پر 50 کروڑ ڈالر سے زائد کا اعلان کر دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیلاب زدگان کی مدد کے لئے انٹرنیشنل پارٹنرز کے ساتھ اقتصادی امور ڈویژن میں اہم اجلاس ہوا، جس میں ورلڈ بینک، ایشائی ترقیاتی بینک، عالمی مالیاتی، بین الاقوامی ڈویلپمنٹ، ڈونرز سمیت چین، امریکہ اور یورپی ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اقوام متحدہ کے مختلف ذیلی اداروں، عالمی ادارہ صحت کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے انٹرنیشنل پارٹنرز کو ملک بھر میں خاص طور پر سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کی تباہی کاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں کا وزیرِ اعظم شہباز شریف کے سیلاب متاثرین کی فوری بحالی کے اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کے فلڈ ریلیف کیش پروگرام کے تحت 25 ہزار فی خاندان امداد کیلئے بین الاقوامی اداروں کی طرف سے اسی ہفتے امداد کی منتقلی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی تنظیموں اور مالی اداروں کی جانب سے فوری امداد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی اداروں و تنظیموں کی مشکل میں پھنسے پاکستانیوں کی مدد کی ،حکومت سیلاب متاثرین کے فوری ریسکیو اور بحالی کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، حکومت نے مشکل معاشی صورتحال میں ہونے کے باوجود فلڈ ریلیف کیش پروگرام شروع کیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کیلئے آپریشن کر رہی ہے، ریسکیو کے بعد حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی تعمیر پر ترجیح بنیاد پر کام کرے گی۔

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائیریکٹر ناجےبنحسین نے وزیرِ اعظم کو ورلڈ بنک کی طرف سے 350 ملین ڈالر کی فوری امداد کے بارے میں آگاہ کیا، انہوں نے خصوصی طور پر وزیرِ اعظم کے فلڈ ریلف کیش پروگرام کی تعریف کی۔

پاکستانی روپیہ دوبارہ گرنے اور امریکی ڈالر بڑھنے کیوں لگا؟

عالمی ادارے کی کنٹری ڈائیریکٹر نے کہا ورلڈ بنک یہ امداد روان ہفتے کے آخر تک پاکستان کو فراہم کر دے گا، اس کے علاوہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے بھی نقصانات کے تخمینے کے بعد جامع منصوبہ بندی سے پاکستان کے ساتھ ورلڈ بنک کہ طرف سے تعاون کیا جائے گا۔

اعلامیہ کے مطابق اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام نے سیلاب متاثرین کیلئے 110 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا جبکہ ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک نے 20 ملین ڈالر اور یوکے ایڈ نے 1.5 ملین پاونڈ کی کی فوری امداد کا اعلان کیا۔
اس کے علاوہ یوکے ایڈ کی طرف سے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے وسط اور طویل مدتی منصوبوں کیلئے 38 ملین پاونڈ کا بھی اعلان کیا۔

Back to top button