190 ملین پاؤنڈ کیس: ملک ریاض کے بیٹے کی 405 کنال اراضی نیلام کر دی گئی

190 ملین پاؤنڈ کیس کے مفرور ملزم ملک ریاض کے بیٹے علی ریاض کی 405 کنال اراضی نیلام کر دی گئی۔

علی ریاض ملک کی جائیداد کی نیلامی بھارہ کہو کے پٹوار آفس میں نیلامی کمیٹی کی نگرانی اور اسسٹنٹ کمشنر سیکریٹریٹ عزیر علی کی موجودگی میں ہوئی،موہڑہ نور میں واقع 405 کنال اور 3 مرلے کی زرعی اراضی 34 لاکھ 20 ہزار روپے فی کنال میں فروخت کی گئی۔

جب کہ کیس کی ایک اور مفرور ملزمہ فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کی جائیداد میں سرمایہ کاروں نے کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی،یہ جائیداد بھی موہڑہ نور (بنی گالہ) میں واقع ہےاور فروخت نہ ہوسکی۔

قبل ازیں یہ افواہیں گردش کرنے لگیں  تھی کہ عمران خان کی بنی گالہ رہائش گاہ نیلام کی جارہی ہے، سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے ایک ٹویٹ میں مبینہ نیلامی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا تھاکہ اگر یہ خبر درست ہے تو یہ ایک خفیہ عمل تھا،انہوں نے درست معلومات حاصل کرکے شیئر کرنے کا وعدہ کیا۔

دوپہر 2 بجکر 15 منٹ پر سلمان اکرم راجہ نے ایک اور ٹویٹ میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم نے نیب ریفرنس 19/2023 (ریاست بنام عمران خان، القادر ٹرسٹ کیس) سے متعلق جو معلومات حاصل کی ہیں، ان کےمطابق نیلامی ان دیگر ملزمان کی جائیدادوں کی تھی جنہیں مفرور قرار دیا جاچکا ہے،انہوں نے مزید کہاکہ ہماری قانونی ٹیم اس معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل نیب نے القادر ٹرسٹ کیس میں واجب الادا رقم کی وصولی کےلیے ملک ریاض اور بحریہ ٹاؤن سے منسلک 6 کمرشل جائیدادوں کی عوامی نیلامی بھی کی تھی۔

Back to top button