اداکار فیروز خان پر پابندی کا مطالبہ کیوں زور پکڑنے لگا؟

https://youtu.be/DaY3P26dMGQ
معروف اداکار فیروز خان کی سابق اہلیہ علیزے سلطان نے سابق شوہر کی جانب سے خود پر ہونے والے تشدد کی تصاویر عدالت میں جمع کرواتے ہوئے انہیں انسان کے روپ میں ایک بھیڑیا قرار دیا ہے، سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد بھی فیروز خان کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے اور شوبز انڈسٹری میں ان پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، علیزے پر تشدد کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے ان کا ساتھ دیتے ہوئے فیروز خان کو آڑے ہاتھوں لیا۔

یاد رہے کہ فیروز خان اور علیزے سلطان نے 21 ستمبر 2022 کو طلاق کی تصدیق کی تھی، دونوں نے 2018 میں شادی کی تھی، انکے دو بچے بھی ہیں، علیزے سلطان نے طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے سابق شوہر پر گھریلو تشدد کے الزامات عائد کیے تھے۔ بعد ازاں فیروز خان نے بھی طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انکے درمیان 3 ستمبر 2021 کو طلاق فائنل ہو گئی تھی، جس کے بعد انہوں نے اپنے بچوں کی حوالگی بارے 19 دسمبر کو کراچی کی فیملی کورٹ میں مقدمہ کیا، جس پر سماعتیں جاری ہیں۔

چند روز قبل ہونے والی عدالتی سماعت کے دوران علیزے سلطان نے وکیل کے توسط سے خود پر تشدد کے شواہد عدالت میں جمع کروائے تھے۔ لیکن اسکے باوجود عدالت نے سخت شرائط پر فیروز خان کو اپنے بچوں کے ساتھ مہینے میں دو بار ملاقات کرنے کی اجازت دی تھی۔ 25 اکتوبر کو علیزے اور فیروز خان کا نام ٹوئٹر پر بھی ٹرینڈ کرتا رہا، علیزے کی جانب سے عدالت میں پیش کیے گئے تشدد کے شواہد کے حوالے سے ’جیو ٹی وی‘ نے بتایا تھا کہ انہوں نے نہ صرف تصاویر بلکہ میڈیکو لیگل کی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروائی تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ علیزے سلطان کی جانب سے جمع کرائے گئے شواہد کے مطابق فیروز خان نے سابق اہلیہ پر کم از کم تین بار بدترین تشدد کیا، جس سے علیزے کے جسم پر زخموں کے نشانات بھی بن گئے۔

عدالت میں جمع کرائی گئی تصاویر میں علیزے کے چہرے، بازوئوں اور کمر کے قریب زخموں کے نشانات پائے گئے، جن کی تصدیق جمع کروائی گئی میڈیکو لیگل کی رپورٹ سے بھی ہوئی۔ علیزے سلطان کے وکیل نے عدالت میں جناح ہسپتال کی میڈیکو لیگل رپورٹ جمع کروائی، جس میں تشدد کی تصدیق کی گئی تھی۔ علیزے پر تشدد کی تصاویر سامنے آنے کے بعد متعد شخصیات نے ان کا ساتھ دیتے ہوئے فیروز خان کو اڑے ہاتھوں لیا، اداکارہ مریم نفیس نے علیزے کی تشدد کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور ان سے معافی بھی مانگی کہ ان کے ساتھ اتنا برا سلوک ہوا۔ انہوں نے علیزے کو یقین دلایا کہ وہ اور خدا ان کے ساتھ ہیں، انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں علیزے پر تشدد کی رپورٹ بھی شیئر کی اور بتایا کہ ان کے جسم کے متعدد حصوں پر تشدد کے نشانات پائے گئے۔اداکار خالد عثمان بٹ نے بھی مریم نفیس کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے علیزے سلطان کا ساتھ دیا اور ان پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ انہیں انصاف ملے گا۔ انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں بتایا کہ علیزے سلطان کے جسم کے مختلف حصوں پر تشدد کے نشانات پائے گئے۔

اداکارہ منشا پاشا نے بھی علیزے سلطان پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اس درد کو بیان نہیں کر سکتیں، جس سے وہ گزریں، ساتھ ہی انہوں نے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ ماڈل مشک کلیم نے بھی علیزے سلطان پر تشدد کے حوالے سے پوسٹ کی اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا، مشک نے اپنی پوسٹ میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ فیروز خان کا نام لکھ کر انہیں سزا دلوائیں جبکہ علیزے سلطان کے ساتھ کھڑے ہوکر انہیں انصاف دلائیں۔ اداکارہ ثروت گیلانی نے بھی علیزے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے فیروز خان پر شوبز انڈسٹری میں پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا، انہوں نے لکھا کہ بیویوں پر تشدد کرنے اور ان کے ساتھ دھوکا کرنے والے افراد پر شوبز انڈسٹری میں پابندی عائد کی جائے، اداکارہ و ماڈل انوشے اشرف نے بھی علیزے سلطان کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے ان کیساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا۔ انوشے نے لکھا کہ انہیں اُمید ہے کہ عدالت انہیں انصاف فراہم کرتے ہوئے ملزم کو سزا دے گی، اداکارہ منال خان نے بھی علیزے سلطان پر تشدد کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے فیروز خان کو بیمار قرار دیا، ماڈل میرب علی نے بھی علیزے سلطان پر تشدد کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ گھریلو تشدد کسی طرح بھی قابل قبول نہیں ہے۔

Back to top button