فوجی اسٹیبلشمنٹ کا ارشد شریف کے قتل سے کوئی تعلق نہیں

تحریک انصاف کے رہنما فیصل واڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ صحافی ارشد شریف کو قتل کرنے کی سازش پاکستان میں تیار ہوئی جبکہ وہ اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں تھا اور پاکستان آنا چاہتا تھا۔

وفاقی دارالحکومت میں نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتےہوئے فیصل واڈا نے کہا کہ ارشد شریف کا اس ملک اور دنیا سے جانا غیرت کی بات ہے، کوئی کھڑا ہو یا نہیں، کوئی ڈرے یا مرے میں ضرور کھڑا ہوں گا، میرا وہ دوست بھی تھا اور میرا میزبان بھی تھا، ان کی شہادت وہ ایک حادثہ نہیں ہے، آنے والے دنوں میں بہت کچھ بتاتا رہوں گا اب میں نہیں رکوں گا، اگر ارشد شریف کو گول لگ سکتی تو پھر گولی کسی کو بھی آپ اور مجھے بھی لگ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا ارشد شریف کا قتل ہوا ہے اور اس کی سازش پاکستان میں ہوئی ہے، ارشد شریف کا کوئی ثبوت لیپ ٹاپ یا موبائل نہیں ملے گا، شواہد مٹا دیے گئے ہیں، اس کی تحقیقات کہاں پہنچتی ہے، خاص طور پر ہمارے نظام میں انصاف کا تو سب کو پتا ہے، جہاں حادثہ ہوا ہے ، وہاں کے حالات پاکستان یا پاکستان سے بدتر ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا 20 گولیاں چلیں اور ارشد شریف کو 20 گولیاں ماری گئیں ایسا نہیں ہے، میرے خیال میں گاڑی کے اندر یا بہت قریب سے مارا گیا ہے، ارشد شریف کو دو گولیاں لگیں، جو سینے اور سر پر ہیں، کہانی بنائی گئی بچہ اغوا ہوا اس کے لیے گولی ماری گئی، اس گاڑی کے اندر صرف منصوبہ بندی سے قتل صرف ارشد شریف کا ہوا ہے کسی اور کا نہیں ہوا، جو خرم اور وقار نامی شخص آرہے ہیں، یہ میرے اور آپ کے بس کا کام نہیں اور نہ پاکستان میں کسی اور سیاسی شخصیت کام ہو کہ وہ کینیا کے شہر میں دو گھنٹے دور ایک فارم ہاؤس کا انتظام کرے اور اس میں چھپائے اور دنیا میں کسی کو پتا نہ ہو اور یہ حادثہ پیش آئے۔

فیصل واڈا نے کہا کہ میں یہ نہیں کہوں گا میں نے ویڈیو بنا کر ان لوگوں کے نام دے دیے ہیں، میں نے ویڈیو بھی بنائی ہے اور نام بھی دے دیے ہیں، بین الاقوامی اور قومی سطح پر دے دیے ہیں اور مجھے کچھ ہوا اور مارا گیا تو جو شخصیات اس سازش کا حصہ ہیں وہ بھی اسی طرح 3 گھنٹے کے اندر اسی طرح مارے جائیں گے،وہ کتنے بھی بڑے طاقت ور لوگ ہوں ان کو میرا بڑا واضح پیغام ہے، مجھے گولی لگی اور مرا تو تین سے 5 گھنٹے میں تمہیں بھی گولی لگے گی اور تم بھی مروگے۔

انہوں نے کہا مجھے اس لانگ مارچ میں خون ہی خون نظر آرہا ہے، میں آخری وقت تک کوشش کروں گا کہ اپنے لوگوں کو اس سے بچاؤں، اگر مجھے کچھ ہوگیا تو تحفے میں ان کی لاشیں بھی ملیں گی، ارشد شریف کو دبئی سے کینیا کوئی عام آدمی نہیں بھیج سکتا، کینیا میں وہ کیا کرتا رہا اس میں سازشی لوگ ہیں جو ملک کو توڑنا چاہتے ہیں اور میری پارٹی کو توڑنا چاہتے ہیں، یہ ایک قتل ہے اور اس کو ڈراما کی شکل نہ دیں، دعوے سے کہہ رہا ہوں، کوئی ثبوت نہیں ملے گا۔

انکا کہناتھا مارچ میں لوگوں کا خون دیا جائے گا، ارشد شریف اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں تھا اور وہ پاکستان آنے کو تیار تھا لیکن سازش کے تحت اس کی ذہن سازی کی گئی، میں ارشد شریف سے اس دن سے مسلسل رابطے میں تھا جب وہ ملک سے باہر چلے گئے، میرا موبائل حاضر ہے،جو طاقت ور شخصیات اس میں ملوث ہیں وہ مجھ سے دور نہیں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا میں سارے نام سال یا مہینوں میں نہیں بلکہ دنوں میں بتاؤں گا، تحریک انصاف کے اندر چند لوگ ہیں جو اس سازشی بیانیے کو مانتے ہیں لیکن وہ تحریک انصاف کا بیانیہ اور سازش نہیں ہے، اس وقت میں کسی کی جان بچا رہا ہوں لیکن میں ان سب کا نام لوں گا۔

فیصل واڈا نے ایک اورسوال پر کہا کہ جن کی جان کو خطرہ ہے، ان کا تعلق تحریک انصاف سے باہر کے لوگ بھی ہیں،ارشد شریف کے قتل میں اسٹیبلشمنٹ کا کوئی کردار نہیں ہے، جو بھی ملوث ہیں آنے والے دنوں میں سب سامنے آئے گا، جو فائدہ اٹھا رہے ہیں، انہی کے لیے یہ پریس کانفرنس کی ہے۔

Back to top button