پرویز الٰہی نےعمران کو لانگ مارچ کی حمایت کی یقین دہانی کرادی

وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران کو جمعے کو شروع ہونے والے لانگ مارچ کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
لاہور میں سابق وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے ملاقات کی ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق ملاقات میں لانگ مارچ سے متعلق امور پر مشاورت کی گئی اور چوہدری پرویز الٰہی نے لانگ مارچ کی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی،ملاقات میں احساس راشن پروگرام اورعوام کو ریلیف دینے کے پروگرامز پر بھی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں عمران خان کا کہنا تھاکہ حکومت کو ارشد شریف کیس سے متعلق ذمہ داریاں پوری کرنی چاہیے، موجودہ وفاقی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے، عوام کا جوش وخروش بتارہا ہے کہ لانگ مارچ نئی تاریخ رقم کرے گا۔
پرویز الٰہی کا کہنا تھاکہ پاکستان کے عوام عمران خان کے ساتھ ہیں، لانگ مارچ امپورٹڈ حکومت کو بہالے جائے گا اور لانگ مارچ کو مکمل سپورٹ کریں گے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے جمعہ 28 اکتوبر سے لاہور کے لبرٹی چوک سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔
