مقدمات درج ہونے پر سینیٹر اعظم سواتی کا اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

پیکا قوانین کے تحت مقدمات درج کرنے کے خلاف سینیٹر اعظم سواتی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ ایف آئی اے نے پیکا قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا، اسی نوعیت کے دوسرے کیس میں اعظم سواتی ضمانت پر رہا ہوئے، پہلے بھی دوران حراست بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اعظم سواتی کے پاس اطلاعات ہیں کہ دوران حراست قتل کیا جا سکتا ہے۔ اعظم سواتی کے ساتھ کسی بھی قسم کا غیر انسانی سلوک کیا جا سکتا ہے، جب عدالت میں پیش کیا گیا تو معلوم ہوا کہ کوئٹہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، سندھ کے مختلف تھانوں میں بھی مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اعظم سواتی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کی جائیں، بنیادی انسانی حقوق کو یقینی بنایا جائے اور اعظم سواتی کو دوسری جگہ منتقلی سے روکا جائے، درخواست میں وفاق، ایف آئی اے، آئی جی سندھ اور بلوچستان کو فریق بنایا گیا ہے۔
