200 کروڑ کما کر ‘دی لیجینڈ آف مولا جٹ’ کامیاب ترین فلم بن گئی

ہدایت کار بلال لاشاری کی پنجابی فلم ‘دی لیجینڈ آف مولا جٹ’ نے باکس آفس پر اب تک 2 سو کروڑ روپے کما کر یہ اعزازحاصل کرنے والی پہلی پاکستانی فلم بن گئی ہے۔ بلال لاشاری نے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر فلم کی اب تک کی آمدنی کے بارے میں تفصیل درج کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ایک دفعہ پھر سے ان احباب کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے فلم کو دیکھا اور پسند کیا۔ یہ فلم اب تک پاکستانی باکس آفس سے 80 کروڑ جبکہ بیرون ملک کے سنیماؤں سے 120 کروڑ روپے کما چکی ہے۔ ‘دی لیجینڈ آف مولا جٹ’ پہلی پنجابی اور پاکستانی فلم بن گئی ہے جس نے پوری دنیا کے سنیماؤں سے اب تک 2 سو کروڑ روپے کمائے ہیں۔
ریکارڈ بزنس کرنے کے ساتھ ساتھ فلم نے کئی دیگر اعزاز بھی اپنے نام کئے ہیں۔ فلم برطانیہ میں سال 2022 میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے علاوہ ناروے میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی جنوبی ایشیائی فلم ہے۔ یاد رہے کہ ‘دی لیجینڈ آف مولا جٹ’ پاکستان کی 1979 کی پنجابی کلاسیک فلم ‘مولا جٹ’ کا ری میک ہے جس کے ہدایت کار یونس ملک تھے جبکہ مرکزی کرداروں میں سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی جلوہ گر ہوئے تھے۔
دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو 13 اکتوبر 2022 کو عالمی سطح پر 25 مختلف خطوں میں 500 سے زائد سکرینوں کے ساتھ ریلیز کیا گیا تھا، جو اسے پاکستان سے باہر آنے والی سب سے بڑی ریلیز میں سے ایک بناتا ہے۔ تاہم زیادہ ڈیمانڈ کی وجہ سے فلم مقامی اور بیرون ملک دونوں مارکیٹوں میں زیادہ سکرین حاصل کرتی ہے۔ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے نئے معیارات قائم کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ اس کے نام پہلے ہی متعدد ریکارڈز ہیں کیونکہ اس نے ملک کے سینیما کو 200 کروڑ کے کلب میں دوڑایا ہے۔
اس فلم میں فواد خان، ماہرہ خان، حمائمہ ملک، حمزہ علی عباسی، مرزا گوہر رشید، علی عظمت، صائمہ بلوچ اور فارس شفیع کے ساتھ شفقت چیمہ، نیئر اعجاز، ریشم، بابر علی اور راحیلہ آغا جیسے تجربہ کار اداکاروں نے کام کیا ہے۔ انسائیکلو میڈیا اور لاشاری فلمز کے مشترکہ منصوبے کے تحت عمارہ حکمت کی طرف سے پروڈیوس کردہ یہ فلم بلال لاشاری کے سکرین پلے اور ناصر ادیب کے مکالموں کے ساتھ 1979 کی کلٹ کلاسک ’مولا جٹ‘ کا ہارڈ ریبوٹ ہے۔
اس فلم میں جیو فلمز نے بطور پارٹنر شراکت کی ہے، جو سب سے بڑا میڈیا گروپ ہے اور پاکستان میں سینیما کی بحالی میں کلیدی شراکت دار ہے۔ اس فلم کے پاکستان میں ڈسٹری بیوٹرز مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ ہیں، جو کئی دہائیوں سے سینیما میں اپنی شراکت کے لیے مشہور ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر یہ فلم مووی گورز انٹرٹینمنٹ کی جانب سے تقسیم کی جا رہی ہے۔
