2022 میں سوشل میڈیا پر دھوم مچانے والے ویڈیوز

سال 2022 کے دوران سوشل میڈیا پر دستیاب ویڈیوز نے جہاں سیاسی شخصیات کو لوگوں میں خوب وائرل کیا، وہیں سوشل میڈیا پر آنے والے نئے لوگ بھی راتوں رات مشہور سٹارز بن گئے، پورا سال سیاستدانوں اور شوبز شخصیات سمیت دیگر افراد کی ایسی ویڈیوز کلپس بھی وائرل ہوتی رہیں، جنہیں دیکھ کر شائقین محظوظ ہوتے رہے۔ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے 8 مارچ کی شب کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تقریر کرتے ہوئے اردو کا جملا اُلٹا بول دیا تھا، ان کی ویڈیو پر سوشل میڈیا پر طرح طرح کی میمز بھی بنائی گئیں اور شوبز شخصیات نے ان کے جملے پر پیروڈی ویڈیوز بھی بنائیں۔اداکارہ، میزبان و ماڈل آمنہ ملک نے مارچ میں اپنی ایک ویڈیو میں کسی بھی اداکارہ، اداکار، ہدایت کار یا پروڈیوسر کا نام لیے بغیر کہا کہ شوبز انڈسٹری میں صرف ثنا جاوید ہی نہیں، کچھ اچھی اداکارائیں اور بھی ہیں جو ان کی طرح ’بد تمیز‘ ہیں۔ یاد رہے کہ میک اپ آرٹسٹ و ماڈل نادیہ حسین نے ایک پروگرام میں نئے نسل کی ماڈلز کو ’ان پڑھ‘ اور اعلیٰ طبقے سے تعلق رکھنے کا طعنہ دیا تھا، جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
سینئر اداکار اور میزبان نعمان اعجاز کو اداکارہ عائشہ عمر سے اپنے ٹی وی پروگرام کے دوران ’جنسی ہراسانی‘ کرتے ہوئے نامناسب طریقے سے سوال کرنے کی ویڈیو اپریل میں عمران حکومت کے خاتمے پر وائرل ہوئی تھی، جس پر نعمان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ عامر لیاقت نے تیسری بیوی دانیہ ملک کی جانب سے سنگین الزامات عائد کیے جانے کے بعد مئی کے وسط میں ملک چھوڑنے کا اعلان کیا تھا اور ان کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔ان کی ویڈیو کے تین ہفتوں بعد وہ جون میں انتقال کر گئے تھے۔ عمران خان کی جانب سے مئی میں ایک جلسے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے لیے نامناسب بات کہنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ان کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی تھی۔
ندا یاسر کی جانب سے جون میں ایک مرد مداح کے ساتھ تصویر بنوانے سے انکار کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی اور انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔ کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے معروف بلوچی گانے ’کنا یاری‘ پر یورپی ملک ناروے کے ڈانسرز کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی اور لوگوں نے ان کی تعریفیں بھی کی تھیں، بعد ازاں ڈانسر گروپ پاکستان کے دورے پر بھی آیا تھا۔ جولائی میں صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں رپورٹنگ کے دوران شرارتیں کرنے والے لڑکے کو خاتون رپورٹر کی جانب سے تھپڑ رسید کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی اور لوگوں نے رپورٹر کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا۔صوبہ بلوچستان میں سیلاب نے جولائی میں ہی تباہی مچا دی تھی اور وہ پہلا صوبہ بنا تھا، جہاں بارشوں اور سیلاب نے مظالم ڈھائے تھے۔ سیلاب کے بعد بلوچستان کے مختلف علاقوں سے متعدد ویڈیوز سامنے آئیں، جنہیں دیکھ کر اہل دل آبدیدہ ہوگئے۔
رواں برس سندھ میں آنے والے سیلاب کے بعد اگست میں سندھ کے شمالی ضلع لاڑکانہ کی ایک ماں کی جانب سے دو روٹیوں کو 8 بچوں میں تقسیم کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جسے دیکھ کر لوگ اشکبار ہوگئے تھے۔ پی پی کے سینئر رہنما منظور وسان کو اگست میں سیلاب میں ڈوبے سندھ کے علاقوں کی اٹلی کے شہر ’وینس‘ سے تشبیہ دینے پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور ان کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔اگست میں ہی صوبہ خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقام سوات میں بھی سیلاب نے تباہی مچادی تھی اور عمارتیں دیکھتے ہی دیکھتے منٹوں میں زمین بوس ہوگئی تھیں۔کے پی کے ہی علاقے کوہستان میں سیلاب کے دوران پھنس کر مدد کا انتظار کرنے والے چار دوستوں کی تصویر اور ویڈیو بھی خوب وائرل ہوئی تھی جو بعد ازاں سیلاب مین ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب کی تباہیوں کے بعد ستمبر میں خیبرپختونخوا کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے جرمنی سے گھومنے کے لیے آنے والے سیاحوں کے ساتھ جرمن زبان میں بات کی تھی اور ان کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔ اداکار احمد علی اکبر کی جانب سے میزبان و کامیڈین احمد علی بٹ کو ہم ایوارڈز کی تقریب میں تھپڑ رسید کرنے کی ویڈیو ستمبر میں وائرل ہوگئی تھی۔ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر ’اوئے عائشہ‘ کے نام سے ویڈیوز بنانے والی عائشہ عرف مانو نے اکتوبر میں شادی کی تقریب میں لتا منگیشکر کے پرانے گانے ’میرا دل یہ پکارے آجا‘ کے ری مکس پر منفرد انداز میں ڈانس کرکے جہاں شادی کی تقریب میں مہمانوں کو محظوظ کیا، وہیں ان کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور وہ سٹار بن گئیں۔
سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے جی ایچ کیو میں 23 نومبر کو منعقد یوم شہدا کی تقریب سے الوداعی خطاب کی تقریب کی میزبانی کرتے ہوئے مایا علی نے ان کی تعریفیں کیں، جس پر اداکارہ کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور وہ ٹوئٹر پر بھی ٹاپ ٹرینڈ بنیں۔ پاکستان کے معروف ترین ’لکس اسٹائل ایوارڈز‘ کی 21 ویں سالانہ تقریب میں شوبز شخصیات اور خصوصی طور پر عروہ حسین اور حمیمہ ملک کی جانب سے کی گئی ڈانس پرفارمنس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں اور لوگوں نے ان پر طرح طرح کے تبصرے بھی کیے تھے۔
