2023 میں بالی ووڈ کی کونسی فلمیں ریلیز ہوں گی؟

سال 2022 بھارتی فلم انڈسٹری کے لیے کچھ خاص اچھا ثابت نہیں ہوا، کرونا وبا کے خاتمے کے بعد ریلیز ہونے والی نئی فلمیں کوئی خاطر خواہ بزنس کرنے میں ناکام رہیں لیکن آئندہ سال 2023 کیلئے دبنگ فلموں کی تیاری پر کام جاری ہے۔ آئندہ سال ریلیز ہونے والی فلموں سے مداحوں کو بڑی امیدیں وابستہ ہیں، پٹھان 2023 کی بڑی فلموں میں سے ایک فلم ہے۔ اس فلم کے ذریعے شاہ رخ خان تقریبا چار سال کے بعد بڑے پردے پر واپسی کریں گے۔ پٹھان فلم کا ٹریلر تو ابھی تک جاری نہیں ہوا، تاہم اس کے دو گانے اور کچھ ٹیزر ضرور ریلیز ہوئے ہیں جس سے یہ قیاس آرائی کی جا رہی ہے کہ یہ فلم ایکشن اور سسپنس سے بھرپور ہے اور اس میں شاہ رخ خان ایک جاسوس کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم 25 جنوری 2023 کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ فلم پٹھان کی مرکزی کاسٹ میں شاہ رخ خان، دیپکا پاڈوکون اور جان ابراہم شامل ہیں جبکہ فلم کی ہدایتکاری سدھارتھ آنند کی ہے۔
’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ بالی وُڈ دبنگ خان سلمان خان کی فلم ہے جو کہ 2023 میں عید الفطر پر ریلیز کی جائے گی۔ اس فلم کا نام پہلے ‘کبھی عید، کبھی دیوالی’ رکھا گیا تھا جسے بعد میں تبدیل کر کے -کسی کا بھائی، کسی کی جان’رکھ دیا گیا۔ سلمان خان کی اس فلم کا ابھی تک پوسٹر ریلیز کیا گیا۔ فلم کی ہدایتکاری فرہاد سمجی نے کی ہے جبکہ کاسٹ میں سلمان خان کے ساتھ پوجا ہیگڑے اور شہناز گِل شامل ہیں۔
’’راؤکی اور رانی کی پریم کہانی‘‘ نامی فلم رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کی رومانوی کامیڈی پر مبنی ہے جو 10 فروری 2023 کو ریلیز کی جائے گی، اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ کرن جوہر سات سال کے طویل وقفے کے بعد کوئی فلم بطور ہدایتکار بنا رہے ہیں، فلموں کی ڈیٹا بیس ویب سائٹ آئی ایم ڈی بی کے مطابق فلم کی کہانی شمالی انڈیا سے تعلق رکھنے والے لڑکے اور جنوبی انڈیا سے تعلق رکھنے والی لڑکی کی کہانی ہے، راؤکی اور رانی کی پریم کہانی میں دھرمیندرا، جیہ بچن اور شبانہ اعظمی بھی شامل ہوں گی۔
ڈنکی 2023 میں ریلیز ہونے والی ایک اور بڑی فلم ہے جس میں شاہ رخ خان کی بطور ہیرو جلوہ گر ہیں، یہ فلم شاہ رخ کی ہدایتکار راج کمار ہیرانی کے ساتھ پہلی فلم ہوگی، اس کی کہانی غیر قانونی طور پر انڈیا سے امریکہ اور کینیڈا جانے والے طریقے ’ڈنکی‘ پر مبنی ہے، فلم 22 دسمبر 2023 کو ریلیز کی جائے گی۔ ٹائیگر 3 سلمان خان کی معروف فلم فرنچائز ’ٹائیگر‘ کی کڑی کی تیسری فلم ہے۔ 2012 میں اس فرنچائز کی پہلی بلاک بسٹر فلم ’اِک تھا ٹائیگر‘ ریلیز ہوئی تھی جس کے بعد 2017 میں ’ٹائیگر زندہ ہے‘ ریلیز ہوئی تھی جو کہ بلاک بسٹر رہی تھی۔ اگلے سال ریلیز ہونے والی ٹائیگر 3 میں سلمان خان انڈین ایجنسی را کے ایجنٹ کا کردار ادا کریں گے جبکہ ان کے ساتھ کترینہ کیف ایک مرتبہ پھر نظر آئیں گی، تاہم اس فلم میں عمران ہاشمی بھی شامل ہوں گے اور علی عباس ظفر اس کے ہدایتکار ہوں گے۔
