ملک بھر میں مارکیٹس ساڑھے 8 بجے بند کرنے کا اعلان

حکومت نے ملک بھر میں مارکیٹیں رات ساڑھے آٹھ بجے جبکہ شادی ہال 10 بجے بند کرنے کا اعلان کر دیا، منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر دفاع خواجہ آصف نے دیگر وزرا کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ وفاقی کابینہ نے پاور ڈویژن کی سفارش پر توانائی بچت پلان کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے جو فی الفور پورے پاکستان میں نافذ العمل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا طرز زندگی بدلنے کی ضرورت ہے، تمام سرکاری اداروں میں بجلی کے استعمال میں 30 فیصد کمی کی جائے گی، ملک بھر میں تمام شادی ہال رات 10 بجے بند ہو جائیں گے جبکہ مارکیٹیں ساڑھے آٹھ بجے بند ہوں گے۔ ’مارکیٹیں، ریستوران اور شادی ہال اگر اس شیڈول کے مطابق چلیں تو 62 ارب کی بچت ہو گی۔
خواجہ آصف نے بتایا کہ تاجر برادری سے گفتگو ہوئی ہے اوروہ اس اقدام پر رضامند ہیں، یکم فروری سے فلیمنٹ والے بلب تیار نہیں ہوں گے جو زیادہ بجلی لیتے ہیں جبکہ یکم جولائی کے بعد بجلی سے چلنے والے پنکھے تیار نہیں ہوں گے۔
وفاقی وزیر کے مطابق 29 ہزار میگاواٹ بجلی گرمیوں جبکہ سردیوں میں 12 ہزار میگاواٹ بجلی استعمال ہوتی ہے، سٹریٹ لائٹس متبادل کے طور پر چلائی جائیں گی جس سے چار ارب روپے کی بچت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ تین ارب ڈالر مالیت کا ایندھن سالانہ موٹر سائیکلوں میں استعمال ہوتا ہے، اس کھپت کو کم کرنے کے لئے بتدریج ای بائیکس متعارف کرائی جائیں گی۔
