بھارتی راجستھان،بس میں آتشزدگی،21مسافرزندہ جل گئے

بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع جیسلمیر میں ایک نجی بس میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 21 مسافر جاں بحق اور 16 زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق جب مسافروں نے بس سے باہر نکلنے کی کوشش کی تو دروازہ جام تھا۔ بعد ازاں ایک ایکسکاویٹر بلا کر دروازہ توڑا گیا، لیکن تب تک متعدد مسافر جھلس کر ہلاک ہو چکے تھے۔ کچھ مسافروں نے کھڑکیاں توڑ کر چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، تاہم حکام نے بتایا کہ بس میں بڑی مقدار میں آتش گیر مواد موجود تھا جس نے شعلوں کو مزید بھڑکایا۔
واقعے کے وقت بس میں 57 مسافر سوار تھے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ کئی لاشیں بری طرح جھلس جانے کے باعث شناخت سے باہر ہیں، جن کی ڈی این اے ٹیسٹنگ سے شناخت کی جائے گی۔
وزیرِ اعلیٰ بھجن لال شرما نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیسلمیر میں بس میں آگ لگنے کا واقعہ نہایت دل دہلا دینے والا ہے۔ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
