پنجاب میں انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن، گورنر پنجاب کو نوٹس جاری

پنجاب میں اانتخابات کے انعقاد کے لیے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن اور گورنر پنجاب کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کے حوالے سے دائر متفرق درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے الیکشن کمیشن اور گورنر پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 فروری کو جواب طلب کرلیا۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن نے بدنیتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی اسمبلی کےحلقوں کا ضمنی شیڈول جاری کر دیا، عام انتخابات کا شیڈول جاری نہ ہونے سے حلقے کے ووٹرز کا استحقاق مجروع ہو رہا ہے، اسمبلیوں کی تحلیل کےنوے دن میں انتخابات کرانا آئینی تقاضا ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے باوجود انتخابی شیڈول جاری نہ کر کے آئین سے انحراف کر رہا ہے، صاف و شفاف انتخابات کے لئے انتخابی شیڈول کا اجراء جمہوری اساس ہے۔

آئین کےآرٹیکل 105 کےبرعکس گورنر بدنیتی کی بناء پر انتخابی شیڈول جاری نہیں کررہا۔ عدالت الیکشن کمیشن کو پنجاب کے لیے انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم دے۔

Back to top button