24 گھنٹوں میں کورونا مزید 7 جانیں نگل گیا

ملک میں کورونا کے وار جاری ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موذی وائرس 7 انسانی جانیں نگل چکا ہے۔
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سے جاری اعداد و شمار کے مطابق وائرس سے جاں بحق ہونے والوں میں 6 افراد کا تعلق سندھ سے ہے جبکہ ایک ہلاکت خیبرپختونخوا میں ہوئی جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کی تشخیص کے لیے 22 ہزار 568 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 732 کیسز مثبت آئے۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق ملک میں مثبت کیسز کی شرح 3.24 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ کورونا کے 158 کی حالت تشویشناک ہے،مثبت کیسز کی شرح سب سے زیادہ مظفر آباد میں 7.69 فیصد ریکارڈ کی گئی جس کے بعد کراچی میں شرح 5.74 فیصد، اسلام آباد میں شرح 2.7 فیصد ریکارڈ کی گئی،تاہم شہر کے لحاظ سے مثبت تناسب کاڈیٹا ایک مبہم تصویر پیش کرتا ہے کیونکہ زیادہ تناسب ضروری طور پر کسی وبا کی طرف اشارہ نہیں کرتا۔
مثلاًسندھ کے دوسرے سب سے بڑے شہر حیدرآباد میں جمعہ کو مثبت کیسز کا تناسب 50 فیصد تک پہنچ گیا لیکن صرف 6 ٹیسٹ کیے گئے تھے جن میں سے 3 مثبت آئے۔
وائس چانسلر ہیلتھ سروسز اکیڈمی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان نے خدشہ ظاہر کیا کہ عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام کی آئندہ مذہبی تقریبات کے دوران کووِڈ کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان کا کہنا تھا لوگوں کو اسٹینڈنگ آپریٹنگ طریقہ کار پر سختی سے عمل کرنا چاہیے تاکہ کیسز میں اضافے کی رفتار کو کنٹرول کیا جا سکے کیونکہ یہ ہسپتالوں میں زیر استعمال بستروں کی شرح کو براہ راست متاثر کرتا ہے، اگر کیسز کی تعداد روزانہ بڑھتی رہی اس کی بنیاد پر ہسپتالوں میں مزید داخلے ہوں گے۔
این سی او سی کے رکن ڈاکٹر علی خان کا کہنا تھا اگر دونوں مذہبی ایونٹس کیسز میں کوئی اضافہ دیکھے بغیر گزر گئے تو ملک میں کووِڈ 19 کی چھٹی لہر نہیں آ سکتی۔
