کراچی میں کوروناوائرس سے4اموات کی تصدیق

محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں کورونا وائرس سے 4 اموات کی تصدیق کردی، نجی ہسپتال کے حکام کے مطابق متاثرہ افراد کی عمریں 60 سال سے زائد تھیں۔
ماہرِ متعدی امراض ڈاکٹر فیصل محمود کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 سے 3 ہفتوں کے دوران کورونا کے کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔متاثرہ افراد میں کورونا کی علامات وہی ہیں جو گزشتہ برسوں میں سامنے آتی رہی ہیں۔مریضوں میں کھانسی، نزلہ، بخار اور جسم میں درد کی نمایاں علامات شامل ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر اپنائیں، رش والی جگہوں پر جاتے وقت ماسک کا استعمال کریں۔
ڈاکٹرزکی جانب سےکورونا سے بچوں اور بزرگوں کو بالخصوص محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق نجی ہسپتال میں ہونے والی اموات کی وجہ صرف کورونا نہیں، چاروں مریض 60 سال سے زائد عمر کے تھے اور دیگر بیماریوں میں بھی مبتلا تھے، مریض نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے اور کئی پیچیدگیاں موجود تھیں۔