عمران خان کو اپوزیشن لیڈر پنجاب کیلئے5 افراد کے نام ارسال

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی کمیٹی نے 5 امیدواروں کے نام بانی چیئرمین عمران خان کو ارسال کر دیے ہیں، جہاں سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی کی جانب سے جن ناموں کی فہرست بھیجی گئی ہے، ان میں معین ریاض قریشی، علی امتیاز وڑائچ، اعجاز شفیع، شیخ امتیاز اور رانا شہباز شامل ہیں۔ عمران خان ان میں سے کسی ایک کو اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کے طور پر نامزد کریں گے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق آئندہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے قبل پی ٹی آئی کو اپنا اپوزیشن لیڈر نامزد کرنا ضروری ہے۔ اس وقت ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی نمبر گیم میں سب سے آگے ہیں اور انہیں متعدد ایم پی ایز اور پارلیمانی پارٹی کی حمایت حاصل ہے۔

مزید برآں، پارٹی کی سیاسی کمیٹی سابق اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر سے بھی مشاورت کرے گی، جبکہ اطلاعات کے مطابق انہیں بھی معین قریشی کی حمایت حاصل ہے۔ دیگر امیدواروں میں رانا شہباز، اعجاز شفیع اور علی امتیاز وڑائچ کے نام شامل ہیں۔

Back to top button