وزیراعظم سیلاب متاثرہ علاقوں کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سیلاب کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور متاثرہ علاقوں سے وقتاً فوقتاً براہِ راست اپ ڈیٹس لے رہے ہیں۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی و صوبائی ادارے، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے، پاک فوج اور ایف ڈبلیو او ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ بیشتر علاقوں میں بجلی بحال ہو چکی ہے جبکہ سڑکوں کی مرمت اور متاثرہ افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا عمل جاری ہے۔
عطااللہ تارڑ کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ہدایت پر پاک فوج کی بٹالینز بھی ریسکیو اور ریلیف کے کاموں میں متحرک ہیں۔ وزیراعظم نے گزشتہ روز سیلابی صورتحال سے متعلق اجلاس کی صدارت کی جبکہ وہ بونیر کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ وزیر توانائی سردار اویس لغاری کو سوات بھیجا گیا جہاں سوات ون ڈویژن میں بجلی مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے اور دیگر متاثرہ علاقوں میں بھی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے کسی مقام پر بند نہیں اور رابطہ سڑکوں کی بحالی بھی تیزی سے ہو رہی ہے۔ گلگت کی تحصیل گوپس سے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ وزیراعظم نے چیف سیکریٹری کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں جبکہ وزیراعظم آفس میں ایک خصوصی سیل قائم کر دیا گیا ہے جو صورتحال کی براہِ راست نگرانی کر رہا ہے۔
