خطے کی ترقی و استحکام کیلئےبنگلہ دیش کے ساتھ تعاون بڑھائیں گے، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان بنگلہ دیش کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر دونوں ممالک اور خطے کی ترقی، امن اور استحکام کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

ڈھاکا میں پاکستانی ہائی کمیشن کی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور ہمیں امن و سلامتی، موسمیاتی تبدیلی اور معاشی عدم مساوات جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق ایسا ماحول پیدا کرنا ناگزیر ہے جہاں کراچی سے چٹاگانگ اور پشاور سے سلہٹ تک نوجوان مشترکہ چیلنجز کا سامنا کریں اور اپنے خوابوں کو حقیقت بنائیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ گزشتہ ایک سال میں پاک-بنگلہ دیش تعلقات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے، باہمی دورے اور معاہدوں کی تجدید ہورہی ہے جبکہ معاشی، تعلیمی اور ثقافتی روابط کو بھی فروغ ملا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کئی عالمی معاملات پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے سارک کو علاقائی تعاون کے اہم پلیٹ فارم کے طور پر فعال بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے یہ فورم دوبارہ فعال ہوگا اور خطے میں فاصلے کم ہوں گے، کیونکہ جنوبی ایشیا جو اربوں انسانوں کا گھر ہے، تعاون میں پیچھے نہیں رہ سکتا۔

تقریب کے اختتام پر انہوں نے بنگلہ دیشی حکام کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

اسحاق ڈار 2 روزہ سرکاری دورے پر بنگلہ دیش پہنچے ہیں۔ یہ دورہ اس لحاظ سے اہم ہے کہ 13 برس بعد کسی پاکستانی وزیر خارجہ نے ڈھاکا کا دورہ کیا ہے۔ اس دوران نائب وزیراعظم نے پاکستانی ہائی کمیشن میں بنگلہ دیش کی مختلف سیاسی جماعتوں کے وفود سے بھی ملاقاتیں کیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) کے وفد نے اختر حسین کی قیادت میں اسحاق ڈار سے خصوصی ملاقات کی۔

Back to top button