سیاسی دھڑوں کو متحد کرنے کی ذمہ داری سعد رفیق کے سپرد

این اے 129 ضمنی انتخاب کیلئے صدر مسلم لیگ ن نواز شریف نے سیاسی دھڑوں کو متحد کرنے کی ذمہ داری سعد رفیق کو سونپ دی۔
لاہور کے قومی اسمبلی حلقہ این اے 129 میں ضمنی انتخاب کے لیے مسلم لیگ (ن) نے پارٹی صفوں کو منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سعد رفیق کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حلقے کے چاروں دھڑوں میں مصالحت کرائیں۔ اسی سلسلے میں وہ حافظ میاں نعمان، رانا مشہود، مہر اشتیاق اور چوہدری باقر سے ملاقات بھی کر چکے ہیں۔
ملاقات کے دوران سعد رفیق نے رہنماؤں کو نواز شریف کا پیغام پہنچایا کہ تمام اختلافات پس پشت ڈال کر پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر امیدوار میاں نعمان کی بھرپور حمایت کی جائے۔
مزید برآں، خواجہ سعد رفیق کو انتخابی مہم کی براہِ راست نگرانی کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے جبکہ آج وہ مسلم لیگ (ن) کے انتخابی دفتر کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔
