اداکارہ زارا نور عباس کا شوبز چھوڑنے کی تردید

معروف اداکارہ زارا نور عباس نے شوبز چھوڑنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے شوبز چھوڑنے اور دوری اختیار کرنے میں فرق ہوتا ہے، اور یہ تاثر دینا بند کیا جائے کہ حاملہ خواتین کام اور گھر ایک ساتھ نہیں چلا سکتیں، تمام خواتین یہ اہلیت رکھتی ہیں۔زارا نور عباس نے انسٹاگرام اسٹوری میں ایک اخبار کا اسکرین شاٹ شیئر کیا، جس میں اداکارہ کے عارضی طور پر شوبز چھوڑنے کی بات کہی گئی تھی، اداکارہ سے متعلق خبر دی گئی تھی کہ زارا نور عباس عارضی طور پر شوبز سے کنارہ کشی اختیار کریں گی۔اداکارہ نے خبر پر رد عمل دیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ شوبز نہیں چھوڑ رہیں اور یہ کہ انہیں اپنے لیے ایسی بات کہنے کی کیا ضرورت ہے کہ وہ شوبز چھوڑ رہی ہیں؟ زارا نور عباس نے واضح کیا کہ عارضی طور پر اسکرین سے دور رہنا اور کام چھوڑنا الگ الگ باتیں ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ یہ بات واضح الفاظ میں یاد رکھی جانی چاہئیے کہ کوئی کسی چیز کو نہیں چھوڑ رہا، انہوں نے لکھا کہ حاملہ خواتین سے متعلق یہ تاثر دینا بند کیا جائے کہ وہ بیک وقت گھر اور کام کو نہیں چلا سکتیں۔خیال رہے کہ زارا نور عباس نے حال ہی میں یاسر حسین کو دیئے گئے انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ اپنے ہاں بچے کی متوقع پیدائش کی وجہ سے کچھ عرصے اور کم سے کم ایک سال تک سکرین سے دور رہیں گی، انہوں نے شوبز چھوڑنے کی بات نہیں کی تھی، البتہ بتایا تھا کہ وہ ڈراموں میں کام نہیں کریں گی، زارا نور عباس کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع ہے اور وہ اس متعلق پہلے ہی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے تصدیق کر چکی ہیں۔واضح رہے کہ زارا نور عباس نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 2019 میں فلم ’’چھلاوا‘‘ سے کیا تھا، جبکہ اس کے بعد وہ عاصم رضا کی فلم ’’پرے ہٹ لو‘‘ میں بھی جلوہ گر ہوئی تھیں، ڈرامہ انڈسٹری میں ان کو خاموشی کیلئے اپنے کردار کی وجہ سے شہرت ملی، اس کے علاوہ انھوں نے ڈرامہ سیریل ڈھڑکن، لمحے، قائد، دیوار شب، عہد وفا، بادشاہ بیگم، جھوم سمیت دیگر ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

Back to top button