اقرا عزیز کو کام سے قبل بسم اللہ پڑھنے سے کیوں روکا گیا؟

معروف اداکارہ اقرا عزیز نے انکشاف کیا ہے کہ ایک مرتبہ ڈرامے کی شوٹنگ سے قبل بسم اللہ بڑھی تو سینئر اداکار نے یہ کہہ کر منع کر دیا کہ ہمارا کام جھوٹ پر مبنی ہوتا ہے۔اداکارہ نے کچھ ماہ قبل نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی تھی جس میں میزبان نے ان سے سوال کیا کہ کیا کبھی کسی سینئر اداکار یا اداکارہ نے سیٹ پر کسی قسم کی تنقید کی یا کہا کہ آپ سینئرز کی عزت نہیں کرتیں یا آپ کو تمیز نہیں ہے؟جواب میں اقرا عزیز نے بتایا کہ یہ واقعہ تو نہیں ہوا لیکن میری ہمیشہ سے عادت ہے کہ کوئی بھی کام شروع کرنے سے پہلے بسم اللہ پڑھتی ہوں، تو ڈرامے کے سین کے پہلے بھی عادت کے مطابق بسم اللہ پڑھتی ہوں۔اچھا لگتا ہے جب میری وجہ سے اور لوگ بھی ایسا کرتے ہیں، ایک مرتبہ سیٹ پر میں نے سین کے آغاز سے قبل بسم اللہ پڑھی تو ایک سینئر اداکار تھے، انہوں نے کہا ایسے نہیں ، سین سے پہلے بسم اللہ نہیں پڑھتے، جس پر حیرانی سے میں نے وجہ پوچھی۔اقرا عزیز کے مطابق ان اداکار نے کہا ہمارا کام جھوٹ ہے، جو ڈرامے ہم کرتے ہیں یہ جھوٹ ہوتے ہیں تو جھوٹ سے پہلے ہم اللہ کا نام نہیں لیتے جس پر میں نے ان کے سامنے رضامندی ظاہر کی لیکن دل میں سوچا کہ یہ میری روزی روٹی ہے، میں تو بسم اللہ پڑھوں گی۔میزبان کی جانب سے ان اداکار کا نام پوچھنے پر اقرا عزیز نے قہقہہ لگایا اور ساتھ ہی نام بتانے سے انکار کر دیا۔اقرا عزیز نے دسمبر 2019 میں خود سے 11 سال زائد العمر اداکار یاسر حسین سے شادی کی تھی، دونوں کے درمیان 2018 میں تعلقات استوار ہوئے تھے اور ان کے ہاں شادی کے ڈیرھ سال بعد جولائی 2021 میں بیٹے کبیر حسین کی پیدائش ہوئی تھی۔حال ہی میں اداکارہ نے ’مذاق رات‘ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز کیریئر، شادی اور بچے کی پیدائش کے بعد زندگی میں آںے والی تبدیلیوں سمیت ذاتی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔اقرا عزیز کا کہنا تھا کہ جب ان کی والدہ ٹیکسی چلاتی تھیں تب اگر کوئی ان کی والدہ کی طرف دیکھتا بھی تھا تو وہ ان سے جھگڑا کر دیتی تھیں۔کم عمری میں اداکاری شروع کی اور پہلے ہی دن سے اسکرپٹ کو پڑھ کر انہوں نے کرداروں کی پیش کش قبول کی، جس وجہ سے ہی ان کے کرداروں کو پسند کیا جاتا ہے۔ایوارڈز سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ انہیں ان کی تعداد معلوم نہیں لیکن ان کے پاس بہت سارے ایوارڈز ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ماں بننے کے بعد ان میں کافی تبدیلیاں آئی ہیں اور سب سے بڑی بات یہ کہ اب ان میں غصہ کم ہوگیا ہے اور اب وہ بعض ایسی باتوں کو بھی برداشت کرلیتی ہیں جنہیں بچے کی پیدائش سے قبل وہ برداشت نہیں کر پاتی تھیں۔اقرا عزیز کا کہنا تھا کہ یاسر حسین شادی سے قبل ہی ان کی بہت مدد کرتے تھے، انہیں ہر وقت آگے بڑھنے کا مشورہ دیتے تھے، جس وجہ سے وہ انہیں اچھے لگنے لگے اور پھر انہوں نے ان سے ہی شادی کا فیصلہ کیا۔

Back to top button