مہوش حیات انڈین ہنی سنگھ کے ساتھ مل کر کیا نیا کرنے والی ہیں؟

پاکستانی معروف اداکارہ مہوش حیات بہت جلد بھارتی گلوکار ہنی سنگھ کے نئے گانے کی ویڈیو میں جلوہ افروز ہوںگی، مہوش حیات نے انسٹاگرام پر ہنی سنگھ کے ساتھ اپنی تصویر شیئئر کی، جس میں ان کے ساتھ سٹائل رائو علی خان بھی دکھائی دیئے، اداکارہ نے مختصر پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے اپنے پسندیدہ دیسی کلاکار یویو ہنی سنگھ کے ساتھ کام کیا ہے، وہ جلد ہی ان کے نئے گانے میں جلوے بکھیرتی دکھائی دیں گی۔مہوش حیات نے پوسٹ میں ہنی سنگھ کے گانے کو کلر قرار دیا، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ اداکارہ کلر نامی گانے میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گی، اداکارہ کی پوسٹ پر متعدد پاکستانی اور بھارتی شخصیات اور مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے جہاں انہیں مبارکباد پیش کی، وہیں لکھا کہ ان سب کو اداکارہ کے گانے کا انتظار رہے گا، اگرچہ مہوش حیات نے ہنی سنگھ کے ساتھ اشتراک کرنے اور ان کے گانے میں پرفارمنس کرنے کی تصدیق کی، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کا گانا کب تک ریلیز ہوگا، مہوش حیات نے ہنی سنگھ کے گانے میں پرفارمنس کرنے کی تصدیق ایک ایسے وقت میں کی ہے جبکہ جلد ہی عید الفطر پر ان کی رومانٹک کامیڈی فلم ’’دغاباز دل‘‘ بھی ریلیز ہوگی، مہوش حیات اور ہنی سنگھ کی جنوری 2024 میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں ملاقات کی تصاویر وائرل ہوئی تھیں، اس وقت ہی چہ مگوئیاں کی گئی تھیں کہ اداکارہ ممکنہ طور پر گلوکار کے گانے میں پرفارمنس کرتی دکھائی دیں گی۔واضح رہے کہ بھارتی گلوکار یویو ہنی سنگھ نے دو دن قبل مہوش حیات کے ساتھ ملاقات کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے اداکارہ کو زندہ دل قرار دیا تھا، ان کی جانب سے شیئر کردہ تصویر میں گلوکار اور اداکارہ کو ایک دوسرے کے انتہائی قریب دیکھا جا سکتا ہے اور تصویر میں مہوش حیات مسکراتی دکھائی دیتی ہیں۔گلوکار کی جانب سے تصویر شیئر کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھی اسے شیئر کیا گیا، جہاں صارفین نے اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیا اور لکھا کہ ان سے قبل ہانیہ عامر بھارتی گلوکار بادشاہ سے ملنے بیٹھ گئی تھیں اور یہ ہنی سنگھ کے ساتھ مل رہی ہیں بعض صارفین نے کمنٹس کیے کہ پاکستانی اداکارائیں بھارت کے ہندو اداکاروں کے ساتھ ملنے اور ان کے تصاویر کھچوانے پر خوش ہوتی ہیں۔

Back to top button