پی ٹی آئی کومزید شرپسندی پھیلانے کی اجازت نہیں دینگے، عظمیٰ بخاری

صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ حکومت پی ٹی آئی کے پروپیگنڈے کو پھیلانے کی مزید اجازت نہیں دے گی،بانی پی ٹی آئی کو ملنے والی سہولیات پر دیگر قیدیوں کے بھی اعتراضات آرہے ہیں،سنگین ترین مقدمات میں قید مجرم سے روزانہ ملاقاتوں کی اجازت عدالتیں دے رہی ہیں۔ تحریک انصاف اور ان کے رہنما پروپیگنڈا کے ذریعے اشتعال انگیزی پھیلا رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان قوم کی نہیں اپنی چوریاں چھپانے کی جنگ لڑ رہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی قیمتی تحائف چوری، گھڑی چوری،عدت میں نکاح، سائفر لہرانے اور 190 ملین پاو¿نڈ کیس میں جیل کاٹ رہے ہیں۔ جیل کی تنہائی نے بانی پی ٹی آئی کو ذہنی طور پر مفلوج اور بدحواس کر دیا ہے۔اب دن رات ان کے خوابوں میں بھی وزیراعظم ہاوس اور سرکاری ہیلی کاپٹر سیرسپاٹے ہی آتے ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف اڈیالہ جیل اور کوٹ لکھپت جیل میں قید رہے، ہفتے میں صرف ایک دن ملاقات کی اجازت ہوتی تھی۔عظمیٰ بخاری کا مزیدکہنا تھا کہ بار بارقوم ہمارے ساتھ ہے کا چورن بیچنا بند کر دیں۔ قوم نے توشہ خانہ کے چوروں اور 9 مئی کے فسادیوں کو ریجیکٹ کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹرسیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے جیل میں ہونے کے باوجود جعلی حکومت ان سے خوفزدہ ہے ،عمران خان مریم نواز اور ان کے پاپا نواز شریف کے اعصاب پر سوار ہیں،مریم نواز اوچھے ہتھکنڈوں سے عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی پلیٹلیٹس کا بہانہ بنا کر لندن بھاگنے والا نہیں۔ سازشی ٹولہ جتنا عمران خان کوجتنا دباتا ہے وہ اتنا ہی مضبوط بنتا ہے،

Back to top button