ملک میں سرمایہ کاری عسکری قیادت کی وجہ سے آئی، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے عسکری قیادت نے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کلیدی کردار ادا کیا،غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل کوئی سرخ فیتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔اجلاس میں  وزرائے اعلیٰ نے ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاری کے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔ شرکاء نے اپیکس کمیٹی کے گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عمل درآمد پر اظہار اطمینان کیا۔

اجلاس کے شرکاء سےگفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتوں کو ایس آئی ایف سی میں ساتھ لےکر چل رہے ہیں، انھوں نے بتایا کہ ان کا دورہ یو اے ای انتہائی کامیاب رہا، یو اے ای نے 10 ارب ڈالر پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مختص کردیے ہیں، ہم نے کشکول توڑ دیا ہے اب تجارتی اور معاشی تعاون کو اہمیت دے رہے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دوست ممالک نے بھی ایس آئی ایف سی کے اقدامات کو سراہا ہے، عسکری قیادت نے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے،غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل سرخ فیتہ برداشت نہیں کیا جائےگا۔ان کا کہنا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ایس آئی ایف سی کی کامیابیوں نے ناقدین کا منہ بند کردیا، ایس آئی ایف سی پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، صوبائی حکومتیں ایس آئی ایف سی پر اعتماد کرتی ہیں، ایس آئی ایف سی کے حوالے سے افسران مل کر کام کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ ہفتوں میں سعودی عرب اور یو اے ای جانےکا موقع ملا، یو اے ای میں دوسرےممالک کے زعماء اور وفودسے ملاقاتیں ہوئیں، مجھے خوشی ہوئی انہوں نے ایس آئی ایف سی پر اظہار اطمینان کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایس آئی ایف سی نےقانونی شکل اختیارکی تو خدشات کا اظہار کیاگیا، ہم اپنے اہداف کو ایس آئی ایف سی کے ذریعے حاصل کریں گے، ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے غیرملکی فرم ہائر کرلی ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا اجلاس وزیراعظم ہاﺅس میں ہوا۔ جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سمیت اجلاس میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی ،وفاقی وزیر دفاع خواجہ ،وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری اور چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریزسمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہیں۔

Back to top button