عمر ایوب نے ایف آئی اے سے حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ کی نقل مانگ لی

سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے بانی پی ٹی آئی کے متنازع ویڈیو پوسٹ کے  معاملے پر نوٹس کا جواب دیتے ہوئے ایف آئی اے سے حمودالرحمٰن کمیشن رپورٹ کی نقل مانگ لی۔

رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب خان نے ایف آئی اے کو نوٹس کا تحریری جواب بھجوادیا جس میں کہا گیا ہےکہ ایف آئی اے نے ہتک آمیز نوٹس بھجوایا جس میں مبہم، مشکوک اور غیر قانونی سوالات پوچھے گئے، نوٹس سقوط ڈھاکہ سے جڑے واقعات سے متعلق ہے جس پر حکومت نے کمیشن قائم کیا، کمیشن نے 1972 میں عبوری 1974 میں مکمل رپورٹ جمع کرائی۔

انہوں نے اپنے جواب میں کہا کہ حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ کابینہ ڈویژن میں موجود ہے اور ایف آئی اے جواب کی تیاری کےلیے حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ کی نقل فراہم کرے۔

رہنما تحریک انصاف نے جواب میں کہا کہ ایف آئی اے نہ تو تاریخ دانوں پر مشتمل محکمہ ہے اور نہ ہی عدالتوں سے بالا کوئی ادارہ ہے، نوٹس کا مقصد بانی پی ٹی آئی او رپارٹی سیکرٹری جنرل کو انتقام کا نشانہ بنانا ہے۔ جواب کے مطابق نوٹس کے ذریعے کیے گئے پراپیگنڈے کا معاملہ پارلیمان میں اٹھانے اور نوٹس کو عدالت کے روبرو چیلنج کرنےکا حق استعمال کریں گے۔

Back to top button