پاکستان میں منکی پاکس کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی،وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہےکہ پاکستان میں منکی پاکس بیماری کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے ہوائی اڈوں، بندر گاہوں اور بارڈرز پر منکی پاکس کی  اسکریننگ کے نظام کو مؤثر بنانے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف  کی زیر صدارت منکی پاکس کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس کو ملک میں منکی پاکس کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حال ہی میں ضلع مردان کے ایک شخص میں منکی پاکس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ شخص روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم تھا اور حال ہی میں پاکستان آیا۔ متاثرہ شخص کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عالمی ادارہء صحت کی جانب سے منکی پاکس کو پبلک ہیلتھ ایمر جینسی قرار دیا گیا جس کے بعد پاکستان میں بھی اس بیماری کے حوالے سے کڑی نگرانی کی ضرورت ہے.انہوں نے بارڈر ہیلتھ سروسز کو صورتحال کی بھرپور نگرانی اور سخت سرویلنس کی ہدایت بھی کی۔

 وزیراعظم نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر کو منکی پاکس کی صورتحال پر گہری نظر رکھنے اور اس حوالے سے روانہ جائزہ لینے کی ہدایت کی۔

 وزیر اعظم نے منکی پاکس کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے صوبائی حکومتوں ، حکومت گلگت بلتستان اور حکومت آزاد جموں و کشمیر سے روابط بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔

پنجاب کے 6ہسپتال منکی پاکس مریضوں کیلئے مختص

وزیر اعظم نے منکی پاکس کے حوالے سے مؤثر اور جامع آگہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منکی پاکس کی حوالے سے ہفتہ وار بریفنگ لیا کروں گا۔

Back to top button