کراچی، کیماڑی میں زہریلی گیس کے اخراج سے 6 افراد جاں بحق

کراچی کے علاقے کیماڑی میں مشتبہ زہریلی گیس کے اخراج سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی جبکہ 2 کی حالت تشویشناک ہے۔ فضائی صورتحال خراب ہونے سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 132 تک پہنچ گئی جن میں اکثریت کو علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔
دوسری جانب فضائی صورتحال خراب ہونے سے کسٹمز ہاؤس کے بھی 4 ملازمین بے ہوش ہوگئے جبکہ متعدد کی حالت غیر ہوگئی جس کے بعد کسٹمز ہاؤس کو بند کردیا گیا۔
16 فروری کے روزکیماڑی میں پر اسرار زہریلی گیس کے اخراج سے 6 افراد جاں بحق اور 130 سے زائد کی حالت غیر ہو گئی تھی، تمام متاثرہ افراد کو طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا. کیماڑی پولیس کی جانب سے جاری بیان میں گیس اخراج کے باعث 5 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ دفعہ 174 کی کارروائی کے دوران ایک خاتون کی لاش کو 2 اسپتالوں میں لے جایا گیا۔ جیکسن پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک خاتون کا کیماڑی کے اسپتال میں نام یاسمین لکھوایا گیا، خاتون کی لاش کھارادر کے اسپتال میں مسرت یاسمین کے نام سے رجسٹر کی گئی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق خاتون کی دونوں مقامات کی رجسٹریشن میں زوجیت ذیشان لکھوائی گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گیس اخراج واقعے میں 132 افراد متاثر ہوئے، واقعہ کا مقدمہ درج کرنے کے لیے تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے اگر کسی جہاز سے زہریلی گیس خارج ہوتی تو ڈاکس پرعملہ بھی متاثر ہوتا، اس لیے کسی قسم کی قیاس آرائیوں پر یقین نہ کریں۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ گیس اخراج سے متعلق رپورٹ ملنے کے بعد منظر عام پر لائی جائے گی۔
دوسری طرف ڈی آئی جی جنوبی کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ جیکسن مارکیٹ کے قریب بندرگاہ میں ایک جہاز لنگرانداز ہوا تھا اور اطلاعات کے مطابق اس جہاز میں سبزیاں لائی گئی تھیں اور جب اس کو کھولا گیا تو اندر سے دھواں اٹھا جس کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈی آئی جی جنوبی شرجیل کھرل کا مزید کہنا تھا کہ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button