زہریلی گیس کسی جہاز سے نہیں زمین سے پر اسرار طور پر نکلی

کراچی کے علاقے کیماڑی میں پراسرار زہریلی گیس کے اخراج سے 6 افراد جاں بحق ہونے کے بعد وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ زہریلی گیس کسی بحری جہاز سے نہیں بلکہ ریلوے کالونی میں جیکسن مارکیٹ کے قریب زمیں سے نکلی ہے جس سے 6 افراد جاں کی بازی ہار گئے ہیں.
کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے سے 6 افراد جاں بحق جبکہ 130 سے زائد افرادشدید متاثر ہوئے ہیں ، متاثرہ افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ان میں بعض افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ زہریلی گیس کسی بحری جہاز سے آئی ہے جس سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد متاثر ہو رہی ہے۔ ان تمام بیانات کی تردید کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس کسی بحری جہاز سے نہیں بلکہ زمین سے پر اسرار طور پر نکلی ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر جس جہاز کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے وہ سویا بین کا جہاز تھا جوکہ ملائیشیاء کا جہاز ہے، جہاز کا نام ہرکولیز ہے۔ اس جہاز کا گیس کے اخراج سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ علی زیدی نے بتایا کہ ابھی تفتیش کا عمل جاری ہے، تفصیلی رپورٹ سامنے آتے ہی سب کے سامنے رکھ دی جائے گی۔ گیس نکلنے کے مرکز کے بارے میں بتاتے ہوئے علی زیدی کا کہنا تھا کہ گیس کا مرکز ریلوے کالونی میں موجود جیکسن مارکیٹ کے قریب ہے۔ وفاقی وزیر نے اس میں بھارت کی سازش ہونے کا بھی عندیہ دیا ہے۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ کیماڑی میں چھ افراد کے جاں بحق ہونے کا سن کرافسوس ہوا، واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی۔ دوسری طرف ترجمان کے پی ٹی شارق فاروقی کا کہنا ہے کہ پورٹ میں کسی قسم کی زہریلی گیس کا اخراج نہیں ہوا۔تاہم کے پی ٹی کا عملہ اس حوالے سے تحقیقات کر رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button