سہیل آفریدی کی نااہلی کیلئےالیکشن کمیشن میں باضابطہ درخواست دائر

وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ سہیل آفریدی کی نااہلی کیلئےالیکشن کمیشن میں باضابطہ درخواست دائر کر دی گئی۔
وکیل میاں صبغت اللہ شاہ ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے خیبر پختونخوا بار کونسل کے انتخابات میں انصاف لائرز فورم کے امیدواروں کی حمایت کر کے آئینِ پاکستان کے متعدد آرٹیکلز کی خلاف ورزی کی ہے۔
درخواست کے متن کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے 29 اکتوبر 2025 کو پشاور ہائیکورٹ کا دورہ کیا اور انصاف لائرز فورم کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا، جو اُن کے عہدے کے حلف اور آئینی ذمہ داریوں سے متصادم ہے۔
درخواست گزار کے مطابق وزیراعلیٰ کا یہ اقدام آئین کے آرٹیکل 2-اے، 4، 5، 6، 9 اور 25 سمیت آرٹیکل 22(7) کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے، جس سے اُن کی امانت و دیانت مشکوک ہو گئی ہے۔
میاں صبغت اللہ شاہ ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ وزیراعلیٰ صوبے کے تمام شہریوں کے نمائندہ ہیں، نہ کہ کسی مخصوص وکلا تنظیم کے۔ ان کا کسی گروہ یا تنظیم کی انتخابی مہم میں شامل ہونا ناانصافی کے زمرے میں آتا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو عہدے سے نااہل قرار دے کر اُنہیں وزارتِ اعلیٰ اور صوبائی اسمبلی کی رکنیت سے فوری طور پر برطرف کرے۔
