سال کاپہلاپولیو کیس ڈیرہ اسمٰعیل خان سے رپورٹ

خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان سےملک میں رواں برس کا پہلا پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے۔
قومی ادارہ صحت میں انسداد پولیو کیلئےقائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری نےتصدیق کی ہے کہ ڈیرہ اسمٰعیل خان سےوائلڈ پولیووائرس ٹائپ (ون)کا ایک کیس مثبت آیا ہے، جس کا نمونہ7جنوری2025 کو لیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 2024 کےدوران خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان سے پولیو کے 11 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
ملک بھر میں گزشتہ برس رپورٹ ہونے والے 73 کیسز میں سے 27 بلوچستان، 22خیبرپختونخوا، 22 سندھ اور ایک، ایک پنجاب اور اسلام آباد سے رپورٹ ہوا تھا۔
پولیو مفلوج کرنے والی بیماری ہے، جس کا کوئی علاج نہیں، پولیو کے قطروں کی متعدد خوراکیں اور 5 سال سے کم عمر کے تمام بچوں کے لیے معمول کے قطرے پلانے کے شیڈول کی تکمیل بچوں کو اس خوفناک بیماری کے خلاف اعلیٰ قوت مدافعت فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے۔