توشہ خانہ ٹوکیس،عمران خان ،بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں بریت کی درخواستیں سماعت کیلئےمقرر ہوگئیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نےبینچ تشکیل دےدیا، نئے تعینات ہونےوالے ایڈیشنل جج راجا انعام امین منہاس کیس کی سماعت کریں گے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کی بریت کی درخواستیں کل سماعت کیلئےمقرر کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ 16 جنوری کو ہائی کورٹ میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں بریت کی درخواستوں پر سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ کی تھی۔
پہلے13 جنوری کو توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بریت کی درخواستیں خارج کرنے کے اسلام آباد کے اسپیشل جج سینٹرل کے فیصلے کو چیلنج کر دیا تھا۔
دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ ٹرائل کورٹ کی جانب سے بریت کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ خلاف قانون ہے۔
14نومبرکو اسلام آباد کے اسپیشل جج سینٹرل نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیراعظم اورعمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں خارج کردی تھیں۔
اسلام آباد کے اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد 8 نومبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
ادھر، راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے دوران ایک اور گواہ پر جرح مکمل کرلی تھی۔
جس کے بعد کیس میں 7 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جا چکے تھے، جبکہ 5 گواہوں پر جرح مکمل ہوگئی تھی۔