آئی ایم ایف سے 1.2ارب ڈالرکےسٹاف لیول معاہدے کاامکان ہے،وزیرخزانہ

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 1.2 ارب ڈالرکے اسٹاف لیول معاہدے کا امکان ہے۔

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کاانٹرویو میں کہنا تھا کہ امید ہے رواں ہفتے آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول ایگریمنٹ طے پا جائے گا۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف مشن کے ساتھ تعمیری مذاکرات جاری ہیں ،فالو اپ بات چیت مثبت سمت میں ہے،  7 ارب ڈالرکے توسیعی فنڈ، 1.4 ارب ڈالر ریزیلینس فنڈ کے جائزے پر اتفاق متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ  آئی ایم ایف پروگرام نے پاکستان کی370 ارب ڈالرمعیشت کو سہارا دیا، مہنگائی،کرنسی ریٹ میں کمی اور مالی بحران کے بعد استحکام کی جانب پیشرفت ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان پہلا گرین پانڈا بانڈ رواں سال کے اختتام سے قبل جاری کرے گا، عالمی مارکیٹ میں کم ازکم ایک ارب ڈالر کا بانڈ اگلے سال متوقع ہے جبکہ یورو، ڈالر یا سکوک تمام آپشنز کھلے ہیں۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کا نجکاری پروگرام آئندہ مالی سال میں تیزی سے آگے بڑھے گا، پی آئی اے او ر3 بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی فروخت پر پیشرفت ہوئی ہے، قومی ائیرلائن کیلئے  اہل سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے۔

وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ یورپ اور برطانیہ کی پروازوں کی بحالی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش ہے، قومی ائیرلائن کی نجکاری 2  دہائیوں بعد پہلی بڑی فروخت ہوگی، پانچ گروپوں نے قومی ایئرلائن کی نجکاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

Back to top button