دریا کے کنارے قائم ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف کارروائی ناگزیر ہوچکی ہے: رانا تنویر

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ دریاؤں کے قریب تعمیر ہونے والی نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف کارروائی کےلیے واضح حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے، تاکہ آئندہ ایسی تعمیرات سے قدرتی آفات کے نقصانات کو کم کیا جا سکے۔
سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ تقریباً اڑتیس سال بعد اتنا شدید اور تباہ کن سیلاب آیا ہے۔ انڈیا کی جانب سے بغیر اطلاع پانی چھوڑنے کے باعث صورت حال مزید خراب ہوئی۔ تاہم، فوج، سول انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے مل کر بروقت اقدامات کیے۔
رانا تنویر حسین نے بتایا کہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کو راشن، ادویات اور جانوروں کےلیے خوراک فراہم کر رہی ہے، جب کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مشترکہ طور پر متاثرہ افراد کی بحالی کےلیے کام کررہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دریا کے کنارے قائم نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف کارروائی ناگزیر ہوچکی ہے، اور ان کے خاتمے کےلیے ٹھوس منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ سیلاب کے باعث سبزیوں کی فراہمی میں کمی دیکھنے میں آئی ہے،جس کا اثر منڈیوں میں مہنگائی کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے صوبوں کو ہدایت کی ہےکہ وہ مصنوعی مہنگائی پر فوری قابو پائیں، اور سیلابی پانی کے اترنے کے بعد نقصانات کا تفصیلی جائزہ لے کر متاثرین کےلیے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔
