بھارت آبی جارحیت سے پاکستانی قوم کا حوصلہ کمزور نہیں کرسکتا : احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ بھارت پانی کو ہتھیار بناکر پاکستانی قوم کے عزم اور حوصلے کو کمزور نہیں کر سکتا۔
نارووال میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ 1988 کے بعد پاکستان کو سب سے بڑے سیلاب کا سامنا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی سے متعلق ایک معاہدہ موجود ہے،جس کی بھارت نے کھلم کھلا خلاف ورزی کی۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا کہ بھارت کس قدر بزدل ملک ہے، جو پانی کو ہتھیار بنا کر خود کو بہادر ثابت کرنا چاہتا ہے۔بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرکے پاکستانی قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتا۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارت کے چھ جنگی طیارے مار گرائے، اور آج دنیا ہماری مسلح افواج کی صلاحیتوں کی معترف ہے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہیں۔نقصانات کے تخمینے کےلیے سروے ٹیمیں کام کررہی ہیں،جو جلد رپورٹ پیش کریں گی۔
احسن اقبال نے کہاکہ عوام کے منتخب نمائندے مشکل وقت میں ان کے ساتھ ہیں۔ پاک فوج، ریسکیو ادارے،پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر سیلاب متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں۔
