پی ٹی آئی نے شادیوں کی تقریبات کو سیاسی اکھاڑہ کیوں بنا لیا؟

ملکی سیاست میں جہاں جلسے جلوس، ریلیاں اور عوامی اجتماعات طاقت کے اظہار کا ذریعہ سمجھے جاتے تھے، وہیں اب تحریک انصاف نے پنجاب میں جلسوں اور عوامی اجتماعات کے انعقاد میں مسلسل رکاوٹیں سامنے آنے کے بعد ایک نئی اور غیر روایتی حکمت عملی اختیار کر لی ہے،جسے مبصرین نے "شادی ڈپلومیسی” کا نام دے دیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کے عزیز و اقرباء کی شادیاں اب محض خاندانی یا سماجی تقریبات نہیں رہیں بلکہ سیاسی سرگرمیوں کا متبادل پلیٹ فارم بنتی جا رہی ہیں۔ جہاں سیاسی ملاقاتیں، مشاورت اور پیغام رسانی کے ساتھ ساتھ باہمی رابطہ کاری کا سلسلہ بھی خاموشی سے جاری ہے۔
پی ٹی آئی کی نئی”شادی ڈپلومیسی” کے حوالے سے اپریل 2026 خاصا اہم ثابت ہوا، جب پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں میں ہونے والی متعدد شادیوں نے ایک غیر رسمی مگر بھرپور سیاسی رنگ اختیار کر لیا۔ اسلام آباد میں راجا بشارت کے بیٹے کی شادی ہو یا گوجرانوالہ میں چوہدری محمد صدیق مہر کی بیٹی کا نکاح،ان تقریبات میں نہ صرف پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت شریک ہوئی بلکہ کئی حکومتی شخصیات بھی ان شادیوں میں نظر آئیں۔ خاص طور پر چوہدری پرویز الٰہی کی مختلف شادیوں میں شرکت نے سیاسی حلقوں کو متوجہ کیا۔ لاہور میں پی ٹی آئی کے سابق رہنما سردار آصف نکئی کے بیٹے کے ولیمے میں ان کی ملاقات سپیکر پنجاب اسملی ملک محمد احمد خان سے ہوئی، جبکہ اسی شادی کی تقریب میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی موجودگی نے اس فنکشن کو مزید اہم بنا دیا۔ ان ملاقاتوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جنہوں نے ایک نئی بحث کو جنم دیا کہ کیا سیاسی روابط اب شادی ہالز میں استوار ہو رہے ہیں؟
اسی طرح گوجرانوالہ میں ہونے والا ایک نکاح، جہاں میاں جاوید لطیف سمیت مسلم لیگ (ن) کی قیادت بھی شریک ہوئی، اس بات کا اشارہ دیتا ہے کہ شادیوں کی یہ تقریبات اب سیاسی فاصلے کم کرنے کا ذریعہ بھی بن رہی ہیں۔ فیصل آباد میں ڈاکٹر نثار احمد کی بیٹی کی شادی ہو یا شوکت محمود بسرا کے بھتیجے کے نکاح کی تقریب،ہر جگہ پی ٹی آئی رہنما، کارکنان اور مخالف سیاسی شخصیات نہ صرف ایک ہی چھت تلے جمع نظر آئیں بلکہ ان مواقع پر ان کی باہمی ملاقاتیں بھی ہوئیں اور ان کی اندرونی مشاورت اور غیر رسمی سیاسی گفتگو بھی دیکھنے میں آئی۔مبصرین کے مطابق مئی 2026 میں پی ٹی آئی رہنما معین قریشی کے بیٹے کی متوقع شادی نے اس رجحان کو مزید تقویت دے دی ہے، جہاں ایک بار پھر پارٹی قیادت اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس کو اکٹھا کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
سوشل میڈیا انقلابیوں نے پی ٹی آئی کا دھڑن تختہ کیسے کیا؟
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ سب محض اتفاق نہیں بلکہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ معلوم ہوتا ہے۔ جب عوامی جلسے ممکن نہ ہوں، تو ایسی تقریبات قیادت کو یکجا رکھنے، کارکنان سے رابطہ بحال کرنے اور حتیٰ کہ مخالفین کے ساتھ غیر رسمی مکالمہ کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ یہ "شادی ڈپلومیسی” نہ صرف پارٹی کے اندرونی اتحاد کو سہارا دے رہی ہے بلکہ سیاسی کشیدگی کے ماحول میں ایک نرم رابطہ کاری کا ذریعہ بھی بن رہی ہے۔ تاہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا پی ٹی آئی کی یہ حکمت عملی وقتی ہے یا یہ رابہ کاری مستقبل کی سیاست کا نیا رخ بھی متعین کر سکتی ہے؟تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماوں کی مختلف شادیوں کی تقریبات میں حکومتی عہدیداروں کی موجودگی اور سیاسی ملاقاتوں سے لگتا ہے کہ 2026 میں شادیوں کا سیزن اب صرف فیملی ایونٹ نہیں رہا بلکہ یہ غیررسمی سیاسی ڈائیلاگ اور پارٹی یکجہتی کا نیا پلیٹ فارم بن گیا ہے۔ مبصرین کے مطابق "شادی ڈپلومیسی” کے ذریعے بظاہر، تحریک انصاف نے حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی کوشش کی ہے۔ مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ شادیوں کے ذریعے سیاست کو زیادہ دیر تک متحرک رکھنا آسان نہیں۔ بالآخر، کسی بھی جماعت کو اپنی اصل طاقت عوامی میدان میں ہی دکھانا ہوتی ہے، تاہم حکومتی دباؤ اور رکاوٹوں کے باعث تحریک انصاف کے لیے عوامی جلسوں اور جلوسوں کا انعقاد تقریباً ناممکن ہو چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب وہ روایتی سیاسی سرگرمیوں کے بجائے ولیموں اور خاندانی تقریبات کو زیادہ اہمیت دے رہی ہے تاکہ سماجی میل جول کے پردے میں سیاسی رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے،
