افغان انتظامیہ کو دہشتگرد تنظیموں کی حمایت ترک کرنی ہوگی،پاک فوج

ترجمان پاک فوج نے کہاہے کہ طالبان انتظامیہ کو دہشتگرد تنظیموں کی حمایت ترک کرنی ہوگی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج پاکستانی قوم اور ریاست اُس وقت تک خاموش نہیں بیٹھیں گے جب تک افغانستان سے جنم لینے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہوجاتا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت خطے میں دہشتگردی کو ہوا دینے والا سب سے بڑا سہولت کار بن چکا ہے، لیکن پاکستان کسی صورت افغان سرزمین کو دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے نہیں دے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق طالبان حکومت بعض دہشتگرد گروہوں کی معاونت اور سرپرستی میں ملوث ہے، جو بھارت کے ساتھ مل کر خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے زور دیا کہ طالبان حکومت فوری اور قابلِ تصدیق اقدامات کے ذریعے اپنے ملک میں موجود دہشتگرد گروہوں کو ختم کرے۔
آئی ایس پی آر نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہاکہ اگر طالبان انتظامیہ نے دہشتگرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں نہ کیں تو پاکستان اپنے عوام کے تحفظ کے لیے ایسے اہداف کو خود نیوٹرلائز کرتا رہے گا۔
