وزیراعظم شہبازشریف کل مصر روانہ ہوں گے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کی دعوت پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کل مصر روانہ ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف مصر میں کل شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے اور غزہ کی سنگین صورتحال کے خاتمے کے لیے مجوزہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شریک ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت دیگر سینیئر وزرا بھی ہوں گے۔
یہ اجلاس ان سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے جو گزشتہ ماہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر شروع ہوئیں۔ 23 ستمبر 2025 کو وزیراعظم پاکستان نے 7 عرب و اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے ہمراہ امریکی صدر سے ملاقات کی تھی، جس کا مقصد غزہ میں پائیدار امن کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔
اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں ان عرب و اسلامی ممالک نے صدر ٹرمپ کی امن کی کوششوں کو سراہا اور امریکا کے ساتھ مل کر جامع اور دیرپا جنگ بندی کے حصول اور غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔
