پاکستان نے ہمیشہ امن و استحکام کےلیے تعمیری کردار ادا کیا، سفیر رضوان سعید

 

سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے  کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ امن و استحکام کے لیے تعمیری کردار ادا کیا ہے۔

سفیر پاکستان نے امریکی تعلیمی درسگاہ جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں چوتھی سالانہ پاک امریکا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرقی و مغربی سرحدوں سے درپیش خطرات اور نامساعد حالات کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ امن و استحکام کیلئے کامیاب کردار ادا کیا۔

انہوں نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جغرافیائی اعتبار سے پاکستان کا محل وقوع غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے اور گزشتہ آٹھ دہائیوں سے ملک علاقائی و عالمی سطح پر بلاواسطہ اور بالواسطہ اہم کردار ادا کرتا آ رہا ہے اور آئندہ بھی نتیجہ خیز کردار ادا کرتا رہے گا۔

کانفرنس میں معروف امریکی تھنک ٹینکس کے اراکین، سابق سفراء اور ماہرین نے بھی شرکت کی اور پاکستان کو درپیش مختلف چیلنجز، معاشی ترقی کے سفر اور عالمی سطح پر اس کے مستقبل کے کردار پر تفصیلی اظہار خیال کیا۔

دوسری جانب امریکا ایران تنازع کے حوالے سے سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مثبت سفارتی کاوشوں اور سہولت کاری کو اس کی کامیاب سفارتی تاریخ کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے، موجودہ تنازع میں متعلقہ فریقین اور خطے کے دیگر ممالک کی جانب سے پاکستان پر اعتماد کا اظہار باعث فخر ہے اور پاکستان اپنا کردار نیک نیتی، ذمہ داری اور خلوص کے ساتھ ادا کر رہا ہے۔

 

 پاکستان سے2 ہزار 687 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ گئے

علاوہ ازیں رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی اب جیوپولیٹکس سے بڑھ کر جیو اکنامکس پر مرکوز ہے اور پاکستان چین، وسطی ایشیا اور خلیجی ریاستوں کے درمیان ایک اہم معاشی راہداری فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، آبنائے ہرمز کی بندش کے تناظر میں بھی پاکستان کی جغرافیائی اہمیت مزید نمایاں ہو کر سامنے آئی ہے۔

Back to top button