اقبال نے امت مسلمہ کو خودی، بیداری اور عمل کا پیغام دیا، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شاعر مشرق علامہ اقبال کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے امت مسلمہ کو خودی، بیداری اور عمل کا پیغام دیا اور آج بھی اسی پیغام کو اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اقبال کی برسی پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کی فکر کا بنیادی نکتہ امت مسلمہ کا اتحاد تھا، وہ مسلمانوں کو رنگ، نسل اور زبان سے بالاتر دیکھنا چاہتے تھے، اقبال کے نزدیک مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں، جن کی طاقت ان کے باہمی اتحاد، اخوت اور مشترکہ مقصد میں پوشیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں کو احساس دلایا کہ غلامی تقدیر نہیں بلکہ کمزوری ہے، جسے خودی اور عمل سے بدلا جا سکتا ہے، خطبہ الہ آباد میں اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک الگ ریاست کا تصور پیش کیا جو بعد میں حقیقت بنا۔
محسن نقوی نے اقبال کی شاعری کے حوالےے سے بات کرت ہوئے کہا کہ اقبال کی شاعری محض الفاظ نہیں بلکہ ایک انقلابی پیغام ہے جو امت مسلمہ کو جھنجھوڑنے اور جگانے کا ذریعہ بنی، آج کے دور میں جب مسلمان تفرقے اور باہمی انتشار کا شکار ہیں، اقبال کا پیغام اتحاد اور خودی غیر معمولی اہمیت اختیار کرچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقبال نے نوجوانوں کو شاہین قرار دے کر انہیں بلند پروازی، خودی اور مسلسل جدوجہد کا درس دیا، علامہ اقبال کے نزدیک نوجوان ہی قوم کا اصل سرمایہ ہیں، جو اپنی صلاحیتوں سے تاریخ کا رخ بدلنے کی طاقت رکھتے ہیں۔
ایران اور امریکہ مذاکرات کا دوسرا دور غیر یقینی کا شکار کیوں؟
علاوہ ازیں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آج ہم سب کو اقبال کے پیغام کو عام کرنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، آئیے عہد کریں کہ اقبال کے افکار کو اپنی قومی پالیسی، ترجیحات اور اجتماعی طرز فکر کا حصہ بنائیں گے۔
