کراچی پورٹس سے افغان ٹرانزٹ کلیئرنس بند، کنٹینرز کی لمبی قطاریں لگ گئیں

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کراچی کی بندرگاہوں سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی ٹرانسپورٹیشن معطل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

یہ فیصلہ ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانزٹ ٹریڈ ہیڈ کوارٹر، کسٹمز ہاؤس کراچی میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل افغان ٹرانزٹ ٹریڈ نے کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر افغان ٹرانزٹ کوئٹہ اور پشاور نے ویڈیو لنک (زوم) کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد کسٹمز جنرل آرڈر 98/2025 جاری کیا گیا، جس کے مطابق افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے سامان کی نقل و حمل غیر معینہ مدت کے لیے روک دی گئی ہے، کیونکہ کوئٹہ اور پشاور کے کسٹم اسٹیشنز پر مزید کنٹینرز رکھنے کی گنجائش باقی نہیں رہی۔

احکامات میں کہا گیا ہے کہ تمام ٹرمینلز پر وہ کنٹینرز جو گاڑیوں پر لوڈ کیے جا چکے ہیں، فوراً آف لوڈ کیے جائیں۔ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تمام جاری شدہ گیٹ پاسز بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں، اور اس کی ٹرانسپورٹیشن تاحکم ثانی روک دی گئی ہے۔

اس فیصلے کے بعد کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم پر موجود تمام ٹرمینلز نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی کسٹمز کلیئرنس روک دی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایس اے پی ٹی (South Asia Pakistan Terminals) پر ٹرانزٹ کنٹینرز کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ سینکڑوں کنٹینرز گاڑیوں پر لوڈ ہو چکے ہیں، جب کہ درجنوں کنٹینرز کوئٹہ اور پشاور کے راستے میں کھڑے ہیں۔ ڈرائیور بارڈر کھلنے کے منتظر ہیں۔

Back to top button