ملک بھر میں 11برس بعد نیشنل ڈرگ سروے کی منظور ی

وزیرداخلہ محسن نقوی نے ملک میں 11سال بعد نیشنل ڈرگ سروے کی منظوری دیدی۔
وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی کی زیر صدارت کمیٹی برائے نیشنل ڈرگ سروے کا اجلاس ہوا ۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری پلاننگ، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ، ڈی جی اے این ایف اور چیف سٹیٹیشن نے شرکت کی۔
نئی نسل کو منشیات سے بچانے کا قومی مشن کیلئے نیشنل ڈرگ سروے کے تحت ملک بھر میں منشیات استعمال کرنے والے افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کاکہنا ہے کہ نیشنل ڈرگ سروے کو ہر صورت جامع اور مستند ہونا چاہیے۔سروے کے درست ڈیٹا کی اصل اہمیت ہے اور اسی کا فائدہ ہو گا۔
وزیرداخلہ نے سروے میں گھروں کے علاوہ تعلیمی اداروں ، کچی آبادیوں اور دیگر جگہوں سے بھی ڈیٹا اکٹھا جمع کرنے کی ہدایت کردی ۔
محسن نقوی کاکہنا ہے کہ مستند اور جامع سروے سے ہی انسداد منشیات کے ضمن میں بھرپور اور مفصل فیصلہ سازی ممکن ہو گی۔انسداد منشیات پر کوئی سمجھوتہ نہ ہوگا کیونکہ یہ قوم کے مستقبل کا مسلہ ہے۔
وزیرداخلہ نے 15دن کے اندر سروے سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی ۔
وزیرداخلہ کاکہنا ہے کہ اے این ایف اور پاکستان بیورو آف سٹیٹکس مل کر سروے کے انعقاد کے لیے طریقہ کار، مطلوبہ ڈیٹا کی نوعیت، نمونہ کی شکل، اور ٹائم لائن کو وضع کریں۔سروے کے انعقاد میں تعاون کیلئے بین الاقوامی ترقیاتی اداروں سے بھی رابطہ کیا جائے۔واضح رہے کہ آخری نیشنل ڈرگ سروے 2013 میں ہوا تھا۔
