پاک بھارت کشیدگی ختم کرانے کیلئےایران کےبعدسعودی عرب بھی سرگرم

پاکستان اور بھارت کے مابین پہلگام واقعہ کے بعد پیداہونے والی کشیدگی ختم کرانے کیلئے ایران کے بعد سعودی عرب بھی سرگرم ہوگیا۔
سعودی وزارت خارجہ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان سرحدی علاقوں میں جاری کشیدگی اور فائرنگ کے تبادلے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔سعودی عرب نے دونوں ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشیدگی میں کمی لائیں، تحمل کا مظاہرہ کریں اور اختلافات کو سفارتی طریقوں سے حل کریں۔ ہمسائیگی کے اصولوں کا احترام کرتے ہوے خطے میں امن و استحکام کے لیے کام کیا جائے، جو دونوں ممالک کے عوام اور پوری خطے کے لیے مفاد میں ہے۔
واضح رہے کہ ایران نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے ثالثی کی پیشکش کی تھی۔
ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا تھا کہ ایران پاکستان بھارت میں ثالثی کے لیے تیار ہے، دونوں ممالک ایران کے پڑوسی اور ثقافتی،تہذیبی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ مشکل وقت میں پاکستان بھارت کے درمیان افہام و تفہیم کے لیے ہر ممکن کوشش کے لیے تیار ہیں۔