آدھی مدت مکمل ہونےکےبعد وزیراعلیٰ بلوچستان مسلم لیگ (ن)سےہو گا،رہنما مسلم لیگ (ن)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عبدالرحمٰن کھیتران نے کہا ہے کہ بلوچستان میں آدھی مدت مکمل ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) اپنی حکومت تشکیل دے گی۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرحمٰن کھیتران نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق صوبے میں حکومت کی سربراہی آدھی مدت کے بعد ن لیگ کے پاس ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان یہ فیصلہ انتخابات کے بعد اتحادی حکومت کی تشکیل کے وقت کیا گیا تھا کہ پہلے ڈھائی سال کے لیے وزیراعلیٰ کا عہدہ پیپلز پارٹی کے پاس ہوگا، جب کہ بقیہ مدت مسلم لیگ (ن) کو دی جائے گی۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ اس پاور شیئرنگ معاہدے میں نہ صرف بلوچستان کی وزارتِ اعلیٰ بلکہ سینیٹ کے چیئرمین، قومی اسمبلی کے اسپیکر اور بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر کے عہدوں کی مدت بھی شامل ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ یہ بات درست نہیں کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کا عہدہ مسلم لیگ (ن) کو دینے کے بدلے پیپلز پارٹی کے چیئرمین کو وزیرِاعظم بنانے کا کوئی معاہدہ ہوا تھا۔
عبدالرحمٰن کھیتران کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اپنی قیادت کے فیصلے کے مطابق معاہدے پر عملدرآمد چاہتی ہے، تاکہ صوبے میں سیاسی استحکام برقرار رہے اور عوامی مفادات کے منصوبے بلا تعطل جاری رہیں۔
