یوم فضائیہ: ائیر چیف مارشل کا جدید دفاعی صلاحیتوں کے فروغ کا اعلان

پاک فضائیہ کے سربراہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ خلائی ٹیکنالوجی، الیکٹرانک وارفیئر اور سائبر ڈیفنس کے شعبوں میں جدید صلاحیتوں کے فروغ کے ذریعے ملک کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔

یومِ فضائیہ کے موقع پر، جو 1965 کی جنگ کے دوران 7 ستمبر کو لڑی جانے والی شاندار فضائی کامیابی کی یاد میں منایا جاتا ہے، ملک بھر میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تمام ایئر بیسز پر "یومِ شہداء” منایا گیا، جہاں 1965 اور 1971 کے جنگی ہیروز کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

اسلام آباد میں ایئر ہیڈکوارٹرز پر یومِ شہداء کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے شرکت کی۔ انہوں نے شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے اور ان کی درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

اپنے خطاب میں ائیر چیف نے کہا کہ یومِ شہداء ہمیں مسلح افواج کی عظیم قربانیوں، غیر معمولی جرات اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہر دور میں ملک کی فضائی سرحدوں کی حفاظت میں بھرپور کردار ادا کیا ہے، اور آئندہ بھی اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ معرکۂ حق میں کامیابیاں حاصل کر کے یہ ثابت کر چکی ہے کہ وہ ملکی فضائی حدود کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

ائیر چیف مارشل کا کہنا تھا کہ قوم اپنے جانباز شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، ان کا ایثار آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

اس موقع پر انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے ان کی جدوجہد آزادی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ائیر چیف نے یہ بھی کہا کہ پاک فضائیہ قومی ترقی، خودکفالت اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تمام تر ممکنہ کوششیں جاری رکھے گی، اور مقامی دفاعی صنعت کو فروغ دے کر خود انحصاری کے راستے پر گامزن رہے گی۔

Back to top button

Adblock Detected

Please disable the adblocker to support us!