پیپلز پارٹی کی مطلوبہ تعداد پوری ، جلد کشمیر میں حکومت بنائیں گے، فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے مطلوبہ تعداد پوری کر لی ہے اور جلد اپنی حکومت قائم کرے گی۔

میڈیا سے گفتگو میں فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اب کشمیر میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ "ہم نے اپنی تعداد پوری کر لی ہے، بہت جلد ہم کشمیر میں اپنی حکومت بنائیں گے۔”

یاد رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے فارورڈ بلاک سے تعلق رکھنے والے 9 وزرا نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی، جس کے بعد آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے اراکین کی تعداد 27 تک پہنچ گئی۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کو مزید 2 سے 3 ارکان کی غیر رسمی حمایت بھی حاصل ہے، تاہم ان کے نام تاحال ظاہر نہیں کیے گئے۔

گورنر خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ صوبے میں چھوٹی کابینہ بنانا ضروری ہے تاکہ حکومتی امور مؤثر انداز میں چلائے جا سکیں۔ اُن کے بقول ملاقاتیں بعد میں بھی ہو سکتی ہیں لیکن حکومتی نظام کے لیے کابینہ کی تشکیل اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ “علی امین کو کیوں نکالا؟ کیا اُس نے میر صادق یا میر جعفر کا کردار ادا کیا، یا کرپشن کی؟ ہمارا صوبہ وفاق کے ساتھ محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔”

Back to top button