لاہور: فضائی آلودگی خطرناک سطح پر، ایئر کوالٹی انڈیکس 358 تک جا پہنچا

لاہور ان دنوں شدید فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہے اور شہر میں ہوا کا معیار خطرناک حد تک گر چکا ہے۔
محکمۂ ماحولیات پنجاب کی ویب سائٹ کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 358 تک پہنچ گیا ہے، جو انتہائی مضرِ صحت سطح تصور کی جاتی ہے۔ گوجرانوالہ میں اے کیو آئی 500، سرگودھا میں 347، فیصل آباد میں 306، ملتان میں 304 اور ڈیرہ غازی خان میں 244 ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق لاہور کے سب سے آلودہ علاقے ملتان روڈ اور جی ٹی روڈ ہیں، جہاں اے کیو آئی 500 تک جا پہنچا۔ شاہدرہ میں 391، سفاری پارک میں 377، جبکہ کاہنہ اور پنجاب یونیورسٹی کے علاقوں میں 335 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔
ماحولیاتی ماہرین کے مطابق 300 سے اوپر کا اے کیو آئی "انتہائی خطرناک” زمرے میں آتا ہے، جو شہریوں کی صحت، خاص طور پر سانس اور دل کے مریضوں کے لیے شدید خطرہ بن سکتا ہے۔
