مسجد اقصیٰ کو 12 روز بعد کھول دیاگیا

فلسطین میں مسجد اقصیٰ سمیت دیگر مقدس مذہبی مقامات کو 12 روز بعد عوام کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران اسرائیل جنگ کے آغاز کے ساتھ ہی سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر بیت المقدس کو بند کر دیا گیا تھا۔ اس دوران صرف مذہبی پیشواؤں اور انتظامیہ کو مقدس مقامات میں داخلے کی اجازت حاصل تھی، جبکہ عام افراد کے لیے ان جگہوں پر آمد پر مکمل پابندی عائد رہی۔
حتیٰ کہ جمعے کی نماز کے موقع پر بھی صرف محدود تعداد میں فلسطینیوں کو عبادت کی اجازت دی گئی، جس کے بعد دوبارہ مسجد اقصیٰ کو بند کر دیا گیا تھا۔
مسیحی برادری کے لیے مقدس ترین مقام "کنیسہ القیامہ” اور یہودیوں کی "دیوار گریہ” بھی 12 دن کی بندش کے بعد آج عوام کے لیے دوبارہ کھول دیے گئے۔
یہ پہلا موقع تھا جب کورونا وبا کے بعد ان تینوں مذاہب،اسلام، عیسائیت اور یہودیت کے مقدس مقامات کو ایک ساتھ بند کیا گیا۔
بیت المقدس انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدامات شہریوں کے تحفظ اور مقدس مقامات کی حرمت کو برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی بنیادوں پر کیے گئے تھے، اور موجودہ حالات میں خطرے کی شدت میں کمی کے بعد ہی یہ مقامات دوبارہ کھولے گئے ہیں۔