اسرائیلی حملے میں زخمی پاسداران انقلاب کے کمانڈر دم توڑ گئے

اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے والے ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے سینئر کمانڈر جنرل علی شادمانی دوران علاج دم توڑ گئے
ایرانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ جنرل علی شادمانی 17 جون کے اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے کے بعد ملٹری ہسپتال میں زیرِ علاج تھے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی افواج نے 17 جون کو ایک بڑے فضائی حملے کے دوران انہیں نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے تھے۔
جنرل علی شادمانی ایران کے اعلیٰ ترین عسکری کمانڈرز میں شمار ہوتے تھے اور انہوں نے پاسدارانِ انقلاب میں بطور چیف آف اسٹاف جنگی حکمت عملی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ان کی شہادت پر ایران کے عسکری اور عوامی حلقوں میں شدید رنج و غم پایا جاتا ہے۔ حکومت کی جانب سے ان کے جنازے اور سرکاری اعزازات کے ساتھ تدفین کی تیاریاں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے 17 جون کے حملے کے فوراً بعد جنرل شادمانی کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا، جس کی ایران نے ابتدا میں تردید کی تھی۔ تاہم اب ایرانی حکام نے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔