غوطہ خورنےجھیل سے114سال پرانی انگوٹھی ڈھونڈلی

امریکہ میں پیشہ ور غوطہ خور نے 114 سال پرانی ہیرے کی انگوٹھی جھیل سے ڈھونڈ نکالی
امریکا میں ایک پیشہ ور غوطہ خور نے ایک جھیل سے خاتون کی 114 سال پرانی گمشدہ ہیرے کی انگوٹھی ڈھونڈ نکالی، جو 1910 کی تھی۔
خاتون کے مطابق وہ اپنے بیٹے اور اس کی بیس بال ٹیم کے ہمراہ سینڈی بیچ ایریا گئی تھیں، جہاں انہیں احساس ہوا کہ ان کی قیمتی انگوٹھی پوسم کنگڈم جھیل میں گر گئی ہے۔
انگوٹھی کی تلاش میں بیس بال ٹیم، ان کے والدین اور دادا دادی سب نے حصہ لیا، مگر تمام کوششیں بے سود رہیں۔ اس کے بعد جیک و لِن نے بلیو ڈائیور سرچ اینڈ ریکوری کے ماہر غوطہ خور راین پرگمور سے مدد طلب کی۔
راین پرگمور نے بتایا کہ جھیل میں تیز ہواؤں کے باعث پانی کی سطح ناہموار تھی، جس کی وجہ سے تلاش مشکل ہوگئی تھی۔ چند گھنٹوں کی کوشش کے بعد جب انگوٹھی نہیں ملی تو انہوں نے تلاش کا عمل مؤخر کر دیا۔
اگلے دن جب موسم بہتر ہوا تو راین نے دوبارہ تلاش شروع کی، اور شام کے وقت جیک و لِن کو ان کی گمشدہ انگوٹھی کی تصویر بھیج کر کامیابی کی خوشخبری سنائی۔